پبلک گرلز انٹر کالج دیوبند کا ۵۴واں یوم تاسیس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-01-2026
پبلک گرلز انٹر کالج دیوبند کا ۵۴واں یوم تاسیس
پبلک گرلز انٹر کالج دیوبند کا ۵۴واں یوم تاسیس

 



دیوبند:دیوبند میں تعلیمِ نسواں کے قدیم اور معروف عصری تعلیمی ادارے پبلک گرلز انٹر کالج کا 54 واں یومِ تاسیس نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ یہ تقریب عیدگاہ روڈ پر واقع محمود ہال میں منعقد ہوئی جس میں علمی، تعلیمی اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ اساتذہ، طالبات اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے ادارے کی نصف صدی سے زائد تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے علاقے میں لڑکیوں کی معیاری تعلیم کا مضبوط مرکز قرار دیا۔

تقریب میں الپائن پبلک اسکول سہارنپور کے پرنسپل شکیل احمد اور انڈسٹریل مسلم گرلز انٹر کالج سہارنپور کی پرنسپل اسماء پروین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ صدارت معروف افسانہ نگار ڈاکٹر رخشندہ روحی مہدی نے کی۔ نظامت کے فرائض سید وجاہت شاہ اور زیبا ناہید نے انجام دیے۔

اس موقع پر ادارے کے بانی مرحوم مولانا حسیب صدیقی کی تعلیمی، سماجی اور ملی خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ منیجر سہیل صدیقی نے نرسری سے پانچویں جماعت تک انگلش میڈیم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے اپنے والد مرحوم کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 1971 میں جب اس ادارے کی بنیاد رکھی گئی اس وقت دیوبند میں بچیوں کی محفوظ تعلیم کے لیے اس نوعیت کا کوئی ادارہ موجود نہیں تھا۔

سینئر صحافی اشرف عثمانی اور سابق چیئرمین انعام قریشی نے اپنے خطابات میں مولانا حسیب صدیقی کی دور اندیش قیادت اور ادارے کی مسلسل ترقی کو سراہا۔ شکیل احمد نے بدلتے حالات کے مطابق اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا جبکہ اسماء پروین نے تعلیمِ نسواں کی اہمیت اجاگر کی۔

صدارتی خطاب میں ڈاکٹر رخشندہ روحی مہدی نے کہا کہ ان کی تعلیمی زندگی کا آغاز اسی ادارے سے ہوا تھا جو آج ایک مضبوط تعلیمی درخت بن چکا ہے۔ آخر میں پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔