ایم آر ایم کا 24واں یومِ تاسیس: انسانیت، اتحاد اور قومی مفاد کے لیے مشترکہ عزم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 24-12-2025
ایم آر ایم کا 24واں یومِ تاسیس: انسانیت، اتحاد اور قومی مفاد کے لیے مشترکہ عزم
ایم آر ایم کا 24واں یومِ تاسیس: انسانیت، اتحاد اور قومی مفاد کے لیے مشترکہ عزم

 



نئی دہلی۔مسلم راشٹریہ منچ نے اپنا 24 واں یوم تاسیس ایسے وقت میں منایا جب ہندوستان اور پوری دنیا سماجی مذہبی اور انسانی چیلنجز کے ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ اس موقع پر دہلی کے پہاڑگنج میں واقع منچ کے دفتر میں ایک اہم اور ہمہ گیر قومی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ملک بھر سے کارکنان نے آف لائن اور آن لائن دونوں طریقوں سے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت منچ کے مارگدرشک اندریش کمار نے کی۔

یہ اجتماع خود احتسابی کھلے مکالمے اور مستقبل کی سمت طے کرنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوا۔ اجلاس میں قومی مسائل کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی حالات پر سنجیدہ حساس اور ذمہ دارانہ گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں تقریباً 1000 کارکنان نے سرگرم شرکت کی۔ ان میں تمام قومی کنوینرز مختلف شعبہ جات کے کنوینرز اور شریک کنوینرز نیز ریاستی اور صوبائی عہدیداران شامل تھے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران منچ کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ لائحہ عمل پر گہری غور و خوض ہوئی۔ منچ نے واضح کیا کہ اس کا مقصد صرف تنظیمی توسیع نہیں بلکہ ملک سماج اور انسانیت کے مفاد میں ایک مثبت تعمیری اور قوم پرستانہ کردار ادا کرنا ہے۔

اجلاس میں سب سے زیادہ حساس اور جذباتی بحث بنگلہ دیش میں اقلیتوں بالخصوص ہندو برادری کے خلاف تشدد کے موضوع پر ہوئی۔ منچ نے گہری تشویش اور سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا تشدد کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور یہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو نشانہ بنانا نہ صرف وہاں کے سماجی تانے بانے کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ پورے خطے کے امن اور ہم آہنگی کے لیے بھی خطرہ ہے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں حکومت ہند سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مضبوط اور مؤثر سیاسی اور سفارتی اقدامات کرے تاکہ بنگلہ دیش میں اقلیتوں کی جان مال عبادت گاہوں اور عزت و وقار کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ منچ نے کہا کہ مذہب کے نام پر تشدد کسی ایک ملک یا ایک برادری کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پوری انسانیت کو کمزور کرتا ہے۔ ایسے مظالم پر خاموشی ناانصافی کو تقویت دیتی ہے۔

اجلاس میں ملک کے اندر بڑھتی ہوئی مذہبی انتہاپسندی اور نفرت پر بھی کھل کر گفتگو کی گئی۔ منچ نے کہا کہ نفرت پھیلانے والے انسانیت کے ساتھ ساتھ ملک کی وحدت اور سالمیت کے بھی دشمن ہیں۔ حضرت محمد ﷺ حضرت عیسیٰ علیہ السلام عیسائیت یا کسی بھی مذہب کے خلاف کسی بھی قسم کی توہین اور بے حرمتی کی سخت مذمت کی گئی۔

مدھیہ پردیش میں پیش آنے والے بعض واقعات پر خاص تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ان واقعات میں مساجد کو منہدم کرنے کی دھمکیاں رسول اکرم ﷺ کے خلاف قابل اعتراض بیانات اور کرسمس کے دوران عیسائی برادری کو نشانہ بنانے کے واقعات شامل تھے۔ منچ نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عالمی سطح پر ہندوستان کی شبیہ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے اپنے مذاہب پر اخلاص کے ساتھ عمل کریں۔ تمام مذاہب کا احترام کریں۔ کسی بھی برادری کے خلاف توہین آمیز زبان یا رویے سے پرہیز کریں۔ اس بات کو دہرایا گیا کہ کوئی بھی مذہب نفرت کی تعلیم نہیں دیتا۔ جبری تبدیلی مذہب اور مذہبی جنون سے دور رہنے کی بھی پرزور اپیل کی گئی۔

اجلاس میں نوجوانوں کے کردار پر خصوصی توجہ دی گئی۔ منچ نے کہا کہ ہندوستان ایک نوجوان ملک ہے جہاں آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہی نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ اگر نوجوانوں کو درست سمت معیاری تعلیم اور باعزت روزگار فراہم کیا جائے تو ہندوستان عالمی قیادت کے مقام تک پہنچ سکتا ہے۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعلیم اور روزگار کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو منشیات سے پاک ہندوستان کے عزم سے جوڑنا نہایت ضروری ہے کیونکہ منشیات نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر دیتی ہیں۔ کہا گیا کہ ہندوستانی نوجوان دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی محنت اور صلاحیت سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ اس تناظر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوان اپنی توانائی قوم سازی سماجی خدمت اور خود کفیل ہندوستان کے لیے صرف کریں۔

اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ پر بھی سنجیدہ گفتگو ہوئی۔ منچ نے کہا کہ ماحول کی حفاظت صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ بڑھتی ہوئی آلودگی جنگلات کی کٹائی پانی کے وسائل کے بحران اور پلاسٹک کے بے تحاشا استعمال پر تشویش ظاہر کی گئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ اگر آج ذمہ دارانہ رویہ اختیار نہ کیا گیا تو آنے والی نسلوں کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

لوگوں سے اپیل کی گئی کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ پانی اور ہوا کو آلودگی سے بچائیں۔ پلاسٹک کے استعمال کو کم کریں۔ منچ نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول چھوڑنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مسلم راشٹریہ منچ کا 24 واں یوم تاسیس محض ایک سال کی تکمیل نہیں بلکہ ملک سماج اور انسانیت کے تئیں عزم کی تجدید کا دن تھا۔ اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں سے واضح پیغام ملا کہ منچ کا راستہ مکالمہ باہمی احترام قومی اتحاد اور انسانی اقدار پر مبنی ہے۔ پروگرام کا اختتام اس یقین کے ساتھ ہوا کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کا تنوع ہے اور اسی تنوع کو احترام اور تعاون کے ذریعے مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں شریک نمایاں شخصیات میں محمد افضل وراگ پاچپور ڈاکٹر شاہد اختر گریش جویال ابو بکر نقوی ایس کے مدین اسلام عباس سید رضا حسین رضوی ڈاکٹر ماجد تلیکوٹی حبیب چودھری رشمہ حسین ڈاکٹر شالینی علی شاہد سعید ڈاکٹر طاہر حسین عرفان علی پیرزادہ حافظ صبرین عمران چودھری مظہر خان شیراز قریشی ڈاکٹر کیشو پٹیل عاشد خان شاکر حسین ڈاکٹر ببلی پروین ڈاکٹر تسنیم پٹیل التمش بہاری کرنل طاہر مصطفیٰ ڈاکٹر ریحان ٹھاکر راجہ رئیس ڈاکٹر حسن نوری تشارکانت الیاس احمد فیض خان طاہر شاہ صوفی شاہ سید زیارت علی انجم انصاری شہناز افضل قاری ابرار جمال کلو انصاری شمیم بانو دادو خان ڈاکٹر شائستہ شفقت قادری راجہ ڈاکٹر شاداب تبسم توقیر رضا فرید صابری ڈاکٹر سلیم راج اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔