ٹفن میں پستول لے آیا طالب علم، استاد کو ماری گولی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-08-2025
ٹفن میں پستول لے آیا طالب علم، استاد کو ماری گولی
ٹفن میں پستول لے آیا طالب علم، استاد کو ماری گولی

 



دہرادون / آواز دی وائس
ملک میں ایک کے بعد ایک اسکولی طلبہ کے جرائم کی وارداتیں سامنے آ رہی ہیں۔ احمد آباد اور مدھیہ پردیش کے بعد اب اتراکھنڈ سے ایک خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ اتراکھنڈ کے کاشی پور (اودھم سنگھ نگر) میں بدھ کے روز ایک نجی اسکول میں جماعت 9 کے ایک طالب علم نے استاد پر تمچہ نکال کر فائرنگ کر دی، جس سے استاد شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق دو دن پہلے استاد نے طالب علم کو ایک سوال کا غلط جواب دینے پر تھپڑ مارا تھا اور اسی تھپڑ کا بدلہ لینے کے لیے طالب علم نے اسکول آتے وقت لنچ باکس میں پستول چھپا کر رکھا تھا۔ جیسے ہی جماعت ختم ہوئی، طالب علم نے پیچھے سے استاد کے کندھے کے نیچے گولی مار دی، جس میں استاد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی استاد کا نام گگن دیپ کوہلی بتایا جا رہا ہے۔
گولی سیدھی استاد کے دائیں کندھے کے نیچے لگی اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب اٹک گئی۔ ایک نجی اسپتال میں تین گھنٹے آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے گولی کو جسم سے نکال لیا۔ استاد کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اگلے 72 گھنٹے انتہائی اہم ہوں گے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج اور فارنزک ٹیم نے عینی شواہد جمع کر لیے ہیں۔ پولیس نے طالب علم کو حراست میں لے کر نابالغ انصاف بورڈ میں پیش کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس معاملے میں پولیس ملزم طالب علم کے والد سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ یہ پتا چل سکے کہ گھر میں پستول کیسے آئی اور طالب علم نے اسے کیسے حاصل کیا۔