جموں/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں سیکیورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز ایک دہشت گرد ٹھکانے کا پردہ فاش کیا اور وہاں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔ حکام نے اس کی اطلاع دی ہے۔ حکام کے مطابق سورن کوٹ کے جنگلات میں پولیس اور فوج کے مشترکہ تلاشی آپریشن کے دوران اس ٹھکانے کا پتہ چلا۔
حکام نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے اس خفیہ ٹھکانے سے تین دستی بم، اے کے رائفل کی 14 گولیاں، پستول کی چھ گولیاں اور دیگر مواد برآمد کیا ہے۔
ادھر، کشتواڑ ضلع کے چترو کے جنگلاتی علاقے میں انسدادِ دہشت گردی آپریشن ہفتے کے روز بھی چوتھے دن جاری رہا۔ سیکیورٹی فورسز نے بدھ کی شام جنگل میں چھپے دہشت گردوں کو گھیر کر یہ آپریشن شروع کیا تھا۔ اس دوران کئی گھنٹوں تک سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، تاہم دہشت گرد اندھیرے، گھنے جنگلات اور دشوار گزار جغرافیائی حالات کا فائدہ اٹھا کر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔