آوارہ کتوں کی دہشت: سرعام ایک شخص پر حملہ کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-08-2025
آوارہ کتوں کی دہشت: سرعام ایک شخص پر حملہ کیا
آوارہ کتوں کی دہشت: سرعام ایک شخص پر حملہ کیا

 



پونے/ آواز دی وائس
پونے میں ایک بار پھر آوارہ کتوں کا دہشت پھیل گیا۔ پُونے کے پِمپری۔چِنچواڑ میں آوارہ کتوں کے جُھنڈ نے ایک نوجوان پر اچانک حملہ کر دیا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سات آوارہ کتے ایک نوجوان پر حملہ کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ چِکھلی موڑے بستی علاقے کا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نوجوان صبح تقریباً پانچ بجے کام پر جا رہا تھا، تبھی کچھ آوارہ کتے آئے اور انہوں نے اس پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں نوجوان زخمی ہو گیا۔
موٹر سائیکل کی مدد سے بچائی جان
کتوں سے بچنے کے لیے نوجوان نے فلیکس بورڈ اور موٹر سائیکل کا سہارا لیا۔ اس نے موٹر سائیکل کی مدد سے کتوں کو دور کرنے کی کوشش کی، لیکن کتے وہاں سے ہٹنے کو تیار نہیں تھے اور لگاتار اس پر حملہ کرتے رہے۔ کچھ منٹ بعد لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلے، تب جا کر نوجوان کو کتوں سے بچایا گیا۔ تاہم کتے وہیں منڈلاتے رہے۔ اس واقعے کے بعد ایک بار پھر آوارہ کتوں کے حملے کا مسئلہ سنگین بن گیا ہے۔ مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن فوری طور پر ان آوارہ کتوں پر قابو پائے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ ہر سال آوارہ کتوں کے حملوں میں کئی لوگوں کی جان چلی جاتی ہے۔ گزشتہ سال 30 جون کو "چھوی" نامی ایک لڑکی اپنی خالہ کے گھر جاتے ہوئے شمال مغربی دہلی کے پوتھ کلاں علاقے میں ایک آوارہ کتے کا شکار ہو گئی تھی۔ کتے نے بغیر کسی اشتعال کے چھوی پر حملہ کیا تھا۔ شدید خون بہنے پر اسے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کا ریبیز مخالف علاج شروع کیا گیا۔ لیکن چند ہفتوں بعد اس کی حالت خراب ہو گئی اور 21 جولائی کو اسکول لوٹنے پر اسے قے آنے لگی۔ چھوی کے ہاتھ پاؤں مفلوج ہو گئے اور اس نے بات کرنا بھی چھوڑ دیا۔ چار دن بعد اس کی موت ہو گئی۔