چنڈی گڑھ / آواز دی وائس
پنجاب پولیس نے پیر کے روز بٹالہ میں ایک دہشت گرد ماڈیول کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے چار ہینڈ گرنیڈ، آر ڈی ایکس پر مبنی آئی ای ڈی اور مواصلاتی آلات برآمد کیے ہیں۔
ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ سامان برطانیہ میں موجود ببر خالصہ انٹرنیشنل کے دہشت گرد نشان سنگھ عرف نشان جوڑیا کے حکم پر رکھا گیا تھا۔ وہ پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہروِندر سنگھ رِندا کے احکامات پر کام کر رہا تھا، جسے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی پشت پناہی حاصل ہے۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورَو یادو نے "ایکس" پر کہا كہ بٹالہ پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بٹالہ کے بلپورہ گاؤں سے چار ہینڈ گرنیڈ، ایک آر ڈی ایکس پر مبنی آئی ای ڈی اور مواصلاتی آلات برآمد کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا كہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرا فرار ہے۔ اسے پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔ یادو نے بتایا کہ سرحد پار کے اس سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔