نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے منگل کے روز ناگا علیحدگی پسند تنظیم نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ۔اساک موئیوا(NSCN-IM)کی خود ساختہ "کابینہ وزیر" آلیملا جامرکو مبینہ دہشت گردی کی فنڈنگ کے مقدمے میں ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔
جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس ستیس چندر شرما پر مشتمل بینچ نے کہا کہ چونکہ مقدمے کی سماعت جاری ہے، اس لیے عدالت اس مرحلے پر ضمانت دینے کے حق میں نہیں ہے۔
عدالتِ عظمیٰ نے ریمارکس دیے۔
الزامات نہایت سنگین ہیں، جو ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑ دیتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت دی کہ وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کارروائی کو آگے بڑھائے، اور آلیملا جامر کو تفتیش میں مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی۔ مقدمے کی اگلی سماعت جنوری کے دوسرے ہفتے میں مقرر کی گئی۔
ہائی کورٹ کا پچھلا فیصلہ
اس سے قبل، 13 جنوریکو دہلی ہائی کورٹ نے بھی آلیملا جامر کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ الزامات، شواہد، اور اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے کہ ملزمہ کا شوہر مفرور ہے، ان کی اپیل میں کوئی وزن نہیں۔
ہائی کورٹ نے یہ بھی مشاہدہ کیا تھا کہ ٹرائل جج مقدمے کی کارروائی کو تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، اور استغاثہ بھی جلد از جلد کارروائی مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
عدالت نے متنبہ کیاجلد بازی میں انصاف، انصاف کا قتل ہے۔ تاہم ہم اس بات کو بھی نظرانداز نہیں کر سکتے کہ شواہد کے معیار پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ آلیملا جامر ایک فلائٹ رسک ہیں، کیونکہ وہ این ایس سی این (آئی ایم) میں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز رہی ہیں اور گواہوں پر اثرانداز ہونے یا شواہد میں ردوبدل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔
عدالت نے آخر میں کہالہٰذا موجودہ اپیل کو خارج کیا جاتا ہے۔
مقدمے کی تفصیلات
قومی تحقیقاتی ایجنسی(NIA)نے آلیملا جامر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جب انہیں 17 دسمبر 2019کو دہلی ایئرپورٹ پر اُس وقت روکا گیا جب وہ 72 لاکھ روپے نقدیکے ساتھ دیماپور کے لیے روانہ ہونے والی تھیں۔
ایجنسی کے مطابق، آلیملا جامر نقد رقم کے ذرائع کی وضاحت کرنے میں ناکام رہیں، جس کے بعد انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی اور تفتیش شروع کی گئی۔
استغاثہ نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ آلیملا جامر اور دیگر ملزمان نے ایک منظم نیٹ ورک قائم کیا تھا، جو "ناگا آرمی"کے مسلح اراکین کے ذریعے جبری وصولی کے ذریعے دہشت گردی کی فنڈنگ کرتا تھا۔
آلیملا جامر کا مؤقف
آلیملا جامر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف لگائے گئے سنگین الزامات کی تائید میں کافی شواہد موجود نہیں۔
این آئی اے کی رپورٹ کے نکات
ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق، این آئی اے کی تفتیش سے معلوم ہوا کہ این ایس سی این (آئی ایم) ایک دہشت گرد تنظیم ہے جو جدید ہتھیاروں سے لیس ہے اور ایک متوازی حکومت چلاتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا:ملزمہ پر یہ مخصوص الزام ہے کہ وہ مجرمانہ سازش میں ملوث تھیں، جس کے تحت انہوں نے دیماپور کے تاجروں سے بڑی مقدار میں رقوم اکٹھی کرنے کا نظام قائم کیا۔"
مزید کہا گیا کہ آلیملا جامر نے اس مقصد کے لیے تقریباً 20 بینک اکاؤنٹس کھولے، جن میں سے بعض جعلی ناموں پر تھے، تاکہ این ایس سی این (آئی ایم) کے دہشت گردانہ آپریشنز کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جائیں۔
عدالت کے مطابق، آلیملا جامر اور ان کے ساتھی خفیہ طور پر سرگرم تھے تاکہ جبری وصولی اور فنڈنگ کے معاملات میں کوئی ثبوت یا نشانات نہ چھوڑے جائیں۔