لینڈ فار جاب اسکیم: لالو خاندان کو ملی راحت

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-12-2025
لینڈ فار جاب اسکیم:  لالو خاندان کو ملی راحت
لینڈ فار جاب اسکیم: لالو خاندان کو ملی راحت

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے خاندان کو نوکری کے بدلے زمین گھوٹالے میں جمعرات کو عارضی راحت ملی۔ دہلی کی راﺅز ایونیو کورٹ نے سی بی آئی معاملے میں لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی، تیجسوی یادو، تیج پرتاپ یادو، میسا بھارتی، ہیما یادو اور دیگر ملزمین کے خلاف الزام طے کرنے کا حکم فی الحال ٹال دیا۔
عدالت نے سی بی آئی کو ملزمین کی حیثیت کی تصدیق کرنے کا حکم دیا ہے، کیونکہ کارروائی کے دوران کچھ ملزمین کی موت ہو چکی ہے۔ کورٹ نے سی بی آئی سے اسٹیٹس رپورٹ دائر کرنے کو کہا ہے اور اگلی سماعت کی تاریخ 8 دسمبر مقرر کی ہے۔بتایا گیا کہ سی بی آئی نے اس معاملے  میں 103 افراد کو ملزم بنا کر چارج شیٹ دائر کی تھی، جن میں سے 4 افراد کارروائی کے دوران انتقال کر گئے تھے۔
لینڈ فار جاب کا معاملہ کیا ہے؟
یہ پورا معاملہ ریلوے میں نوکری دینے کے بدلے ریاستی حکومت کی زمین کے الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے جڑا ہوا ہے۔ مرکزی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ سرکاری زمین کا استعمال لالو خاندان نے ذاتی فائدے کے لیے کیا، جبکہ زمین کا استعمال عوامی مفاد میں ہونا چاہیے تھا۔
اس سے پہلے 11 ستمبر کو عدالت نے نوکری کے بدلے زمین کے حصول کے معاملے میں اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ لالو یادو کے سینئر وکیل منیندر سنگھ نے دلیل دی کہ یہ پورا کیس سیاسی محرکات سے چلایا جا رہا ہے تاکہ آر جے ڈی لیڈر کو بدنام کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے کوئی ثبوت نہیں ملے کہ امیدواروں کو لینڈ فار جاب دی گئی ہو۔ 7 اکتوبر کو دہلی کی ایک عدالت نے لینڈ فار جاب گھوٹالے میں لالو یادو اور ان کے بیٹوں کو ایک-ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر ضمانت دے دی تھی۔
اسپیشل جج وِشال گوگنے نے تینوں کو ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے دوران انہیں گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔ عدالت نے تینوں ملزمین کو اپنے پاسپورٹ جمع کرنے کا بھی حکم دیا۔ لالو یادو کی بیٹی اور پارٹی کی رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی بھی اس موقع پر عدالت میں موجود تھیں۔