تلنگانہ: پسماندہ طبقے کے ریزرویشن پر ہائی کورٹ کی روک کے خلاف ہڑتال

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-10-2025
تلنگانہ: پسماندہ طبقے کے ریزرویشن پر ہائی کورٹ کی روک کے خلاف ہڑتال
تلنگانہ: پسماندہ طبقے کے ریزرویشن پر ہائی کورٹ کی روک کے خلاف ہڑتال

 



حیدرآباد: تلنگانہ میں مقامی بلدیاتی انتخابات میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد ریزرویشن دینے کے حکومتی حکم پر ہائی کورٹ کی روک کے خلاف ہفتہ کے روز ریاست گیر بند شروع ہوگیا۔ حکمراں کانگریس سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اس احتجاج کی حمایت کی ہے۔

ایمرجنسی اور ضروری خدمات کو چھوڑ کر تمام شعبوں سے بند میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے 9 اکتوبر کو مقامی بلدیاتی انتخابات میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد ریزرویشن دینے سے متعلق سرکاری حکم پر عارضی روک لگادی تھی۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور پسماندہ طبقات سے وابستہ تنظیموں کے قائدین تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) کے بس ڈپو کے سامنے دھرنا دے رہے ہیں اور گاڑیوں کو باہر نکلنے سے روک رہے ہیں۔

بی جے پی کے رکن پارلیمان ایٹالا راجندر نے یہاں جوبلی بس اسٹیشن پر بند میں حصہ لیا۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ صبح کے وقت بس اسٹیشنوں اور ڈپو پر خدمات میں کچھ خلل دیکھا گیا۔ تلنگانہ کی حکمراں کانگریس نے جمعہ کو ’تلنگانہ بیک ورڈ کلاس جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘ (بی سی جے اے سی) کی جانب سے دی گئی بند کی کال کی حمایت کی تھی۔

بی جے پی اور بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) نے بھی اس بند کی حمایت کی ہے۔ تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بی۔ شیوادھر ریڈی نے جمعہ کو ایک بیان میں تمام تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ عوام کو کوئی تکلیف دیے بغیر پُرامن طریقے سے بند منائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی بند کے نام پر غیر قانونی یا غلط سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔