حیدرآباد: تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کے پٹن چیرو کے قریب پاشامیلارم صنعتی علاقہ میں واقع سگاچی انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ میں پیر کے روز پیش آئے ایک بڑے ری ایکٹر دھماکہ میں 12 افراد ہلاک اور 35 دیگر شدید زخمی ہو گئے - زخمیوں کو فوری طور پر چار مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا اطلاعات کے مطابق حادثہ کے وقت تقریباً 150 ملازمین فیکٹری میں موجود تھے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ دھماکہ صبح 9 بجے پیش آیا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ کے نتیجہ میں مزدوروں کے جسم تقریباً 100 میٹر تک اچھل گئے اور ارد گرد منتشر ہو گئے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہو گئی اور پورے علاقے میں سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، ریاستی فائر اینڈ ریسکیو سروسز اور مقامی پولیس کے ملازمین شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ ری ایکٹر پھٹنے سے ہوا جس کے بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جو تیزی سے دیگر حصوں تک پھیل گئی، جس سے اطراف میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع کلکٹر پراوینیا اور ایڈیشنل ایس پی سنجیو موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے تلنگانہ میں ایک کیمیکل فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور حادثے میں ہلاک ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں مسٹر مودی نے کہاکہ "میں تلنگانہ کے سنگاریڈی میں ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں جانوں اور املاک کے نقصان سے غمزدہ ہوں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے تئیں تعزیت پیش کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔" اس پوسٹ کے ذریعے وزیر اعظم نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50،000 روپے دینے کا اعلان کیا۔ یہ رقم زخمیوں کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ (پی این آر ایف) سے دی جائے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں آج صبح ایک کیمیکل فیکٹری کے ری ایکٹر میں دھماکے سے 6 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔ ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے