نئی دہلی: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور سے ملاقات کرکے ویزا سمیت تلنگانہ اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ریونت ریڈی نے بدھ کے روز نئی دہلی میں امریکی سفیر سے خیرسگالی ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تیلگو زبان امریکہ میں سب سے تیزی سے فروغ پانے والی زبانوں میں شامل ہے۔ سی ایم او کے مطابق، امریکی سفیر سرجیو گور نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تلنگانہ اور امریکہ کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
سی ایم او نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے ریاست کے عوام کی جانب سے سرجیو گور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ اور اس کے عوام کا حقیقی دوست قرار دیا۔ سرجیو گور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، بایو فارما اور اعلیٰ تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر مفید گفتگو ہوئی۔