نئی دہلی/ آواز دی وائس
دبئی ایئر شو میں جمعہ کے روز تیجس فائٹر جیٹ حادثے میں جاں بحق ہونے والے وِنگ کمانڈر نمن سیال کے والد جگن ناتھ سیال کو حادثے کی اطلاع سب سے پہلے یوٹیوب کے ذریعے ملی۔ وہ ایئر شو دیکھنے کے لیے ویڈیوز اسکرول کر رہے تھے، تب ہی انہیں تیجس کریش کی خبر نظر آئی۔ اس کے بعد ان کی دنیا ہی بدل گئی۔
ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا کے ایک اسکول کے ریٹائرڈ پرنسپل سیال نے بتایا کہ میں نے کل آخری بار اپنے بیٹے سے بات کی تھی۔ اس نے مجھے ٹی وی چینلز یا یوٹیوب پر ایئر شو کے دوران اس کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے کہا تھا۔ آج شام تقریباً 4 بجے میں یوٹیوب پر دبئی میں جاری ایئر شو کی ویڈیوز تلاش کر رہا تھا، تب مجھے طیارہ حادثے کی خبریں دکھائی دیں۔ میں نے فوراً اپنی بہو، جو وِنگ کمانڈر بھی ہیں، کو فون کرکے پوچھا کہ کیا ہوا ہے۔ کچھ ہی دیر بعد کم از کم چھ فضائیہ افسر ہمارے گھر پہنچے اور مجھے اندازہ ہو گیا کہ میرے بیٹے کے ساتھ کچھ برا پیش آیا ہے۔
سیال اور ان کی اہلیہ وینا سیال اس وقت تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں نمن کے گھر پر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دو ہفتے پہلے اپنی سات سالہ پوتی آریا سیال کی دیکھ بھال کے لیے کانگڑا کے اپنے گاؤں پٹیالکاڈ سے کوئمبٹور آئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بہو کولکتہ میں ٹریننگ لے رہی ہے۔
اس واقعے نے ہمیں مکمل طور پر توڑ دیا : جگن ناتھ سیال
والد نے بتایا کہ نمن 2009 میں این ڈی اے امتحان پاس کرنے کے بعد ڈیفنس فورس میں شامل ہوا۔ اس نے اپنی ابتدائی تعلیم پرائمری اسکول دلہوزی، آرمی پبلک اسکول یول کینٹ دھرم شالہ اور سینیك اسکول سُجانپور ٹیہرہ، ہماچل پردیش سے مکمل کی۔ وہ پڑھائی میں بہت اچھا تھا اور اپنی زندگی کے بارے میں بڑے خواب دیکھتا تھا۔ اس واقعے نے ہمیں مکمل طور پر توڑ دیا ہے۔
نمن کی ماں نے کیا کہا؟
نمن کی والدہ وینا نے بتایا کہ جو افسر مجھے اطلاع دینے آئے تھے، میں نے ان سے پوچھا کہ اُس کا جسد خاکی کب واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے کوئی واضح وقت نہیں بتایا، مگر اشارہ دیا کہ اس عمل میں دو دن لگ سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سکھّو نے دکھ ظاہر کیا
وِنگ کمانڈر نمن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سُکھوِندر سنگھ سکھّو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ دبئی ایئر شو میں تیجس طیارہ حادثے میں ہماچل پردیش کے کانگڑا ضلع کے وِیر سپوت نمن سیال جی کی المناک موت کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل خراش ہے۔ قوم نے ایک بہادر، فرض شناس اور وِیر پائلٹ کھو دیا ہے۔ میں اس وِیر سپوت کے حوصلے، فرض شناسی اور خدمتِ وطن کے جذبے کو سلام کرتا ہوں۔