نئے سال میں ٹیکس میں ہوگا اضافہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-12-2021
نئے سال میں ٹیکس میں ہوگا اضافہ
نئے سال میں ٹیکس میں ہوگا اضافہ

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

نئے سال یعنی جنوری 2022 سے ملک میں کچھ تبدیلیاں ہونے والی ہیں۔ عام آدمی سے لے کر تاجر تک ان تبدیلیوں سے متاثر ہوں گے۔ یکم جنوری 2022 سے بہت سی چیزوں پر ٹیکس (جی ایس ٹی) بڑھ رہا ہے۔

اس لیے کپڑے اور جوتے اور چپل خریدنے سے لے کر کیب کی آن لائن بکنگ تک مہنگی ہونے والی ہے۔ یکم جنوری سے کپڑوں اور جوتوں پر 12فیصد جی ایس ٹی لاگو ہوگا۔ حکومت ہند نے ٹیکسٹائل، ریڈی میڈ اور جوتے پر جی ایس ٹی میں 7 فیصد اضافہ کیا ہے۔

ریڈی میڈ گارمنٹس پر جی ایس ٹی کی شرح یکم جنوری سے 5 فیصد سے بڑھ کر 12 فیصد ہو جائے گی۔ اس سے ریڈی میڈ گارمنٹس کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔ ایسے میں نئے سال سے ریڈی میڈ گارمنٹس خریدنے کے لیے صارفین کو زیادہ پیسے ادا کرنے ہوں گے۔

اس کے علاوہ آٹو رکشہ یا آن لائن موڈ کے ذریعے کیب بکنگ پر 5 فیصد جی ایس ٹی لگایا جائے گا۔ یعنی اولا، اوبر جیسے ایپ پر مبنی کیب سروس فراہم کرنے والے پلیٹ فارم سے آٹو رکشا کی بکنگ اب مہنگی ہو جائے گی۔ تاہم آف لائن موڈ کے ذریعہ آٹو رکشا کے کرایہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ اسے ٹیکس سے باہر رکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ Zomato اور Swiggy جیسی فوڈ ڈیلیوری ایپس پر بھی نئے سال سے 5فیصد GST لگیں گے۔ تاہم اس سے صارفین پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا ہے کیونکہ یہ پہلے ہی واضح کر دیا گیا ہے کہ حکومت یہ ٹیکس صارفین سے نہیں بلکہ ایپ کمپنیوں سے وصول کرے گی۔

تاہم دیکھا گیا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے کسی کمپنی پر کوئی ٹیکس لگایا جاتا ہے تو ایپ کمپنیاں اسے کسی نہ کسی طریقے سے صارفین سے وصول کرتی ہیں۔

ایسے میں نئے سال میں آن لائن کھانے کا آرڈر دینا مہنگا پڑ سکتا ہے، ٹیکس چوری روکنے کے لیے نئے سال میں کچھ اور اقدامات کیے جائیں گے۔

ان میں جی ایس ٹی ریفنڈ حاصل کرنے کے لیے آدھار کی تصدیق کو لازمی بنانا، ٹیکس ادا نہ کرنے والے کاروباروں کے لیے جی ایس ٹی آر-1 فائل کرنے کی سہولت کو روکنا، وغیرہ شامل ہیں۔