تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اسٹالن جرمنی پہنچے، سرمایہ کاری کے فروغ کا ہدف

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 31-08-2025
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اسٹالن جرمنی پہنچے، سرمایہ کاری کے فروغ کا ہدف
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اسٹالن جرمنی پہنچے، سرمایہ کاری کے فروغ کا ہدف

 



چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے یورپ کے آٹھ روزہ دورے کی شروعات 30 اگست کو جرمنی پہنچ کر کی، جس کا مقصد سرمایہ کاری کی شراکت داری کو مضبوط بنانا اور دنیا بھر میں مقیم تمل برادری سے روابط قائم کرنا ہے۔ یہ اطلاع تمل ناڈو حکومت کی جانب سے اتوار کو جاری ایک سرکاری بیان میں دی گئی۔

وزیر اعلیٰ یکم ستمبر کو ڈسلڈورف میں ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی سرمایہ کاری کانفرنس کی قیادت کریں گے، جہاں وہ عالمی سرمایہ کاروں اور صنعت کے رہنماؤں سے براہ راست بات چیت کریں گے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق، اس دوران کئی اہم سرمایہ کاری اعلانات اور یادداشتِ مفاہمت (MoUs) پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔

وزیر اعلیٰ ان سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کریں گے جو تمل ناڈو میں سرمایہ کاری کرنے یا اپنا کاروبار پھیلانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اپنے استقبال سے متاثر ہوکر اسٹالن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا: ہیلو جرمنی! یہاں اپنی تمل فیملی کی محبت سے دل سے متاثر ہوں۔ میں فخر کے ساتھ تمل ناڈو کی طاقت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ایک روشن مستقبل کے لیے شراکت داری قائم کرنے کے مشن پر ہوں۔

وزیر اعلیٰ کا ارادہ ہے کہ وہ ملک کی صنعتی طور پر ترقی یافتہ ریاست تمل ناڈو اور جرمنی کی ریاست نارتھ رائن-ویسٹ فیلیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کریں۔ اس مقصد کے تحت وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ہینڈرک ووُسٹ سے بھی ملاقات کریں گے۔

جرمنی کے دورے کے بعد، اسٹالن برطانیہ جائیں گے، جہاں وہ سرمایہ کاروں سے ملاقات، تارکین وطن سے گفتگو اور تعلیمی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈسلڈورف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے، جہاں ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ استقبال کرنے والوں میں نارتھ رائن-ویسٹ فیلیا کی ریاستی چانسلری، پروٹوکول شعبہ اور قونصلر امور کی نمائندہ انجا دے ورتھ، برلن میں ہندوستان کے سفارت خانے کے ناظم الامور ابھیشیک دوبے اور فرینکفرٹ میں بھارت کی کارگزار قونصل جنرل ویبھا کانت شرما شامل تھیں۔

ان کے استقبال کے لیے سینکڑوں تمل تارکین وطن اپنے بچوں و اہلِ خانہ کے ساتھ موجود تھے، جنہوں نے پھولوں، بینروں اور غباروں کے ساتھ وزیر اعلیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ حکومت کے مطابق، جرمنی میں وزیر اعلیٰ کے اس شاندار استقبال سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں تمل ناڈو کی ثقافتی شناخت کتنی مضبوط ہے اور اسٹالن عالمی سطح پر کتنی قدر و منزلت رکھتے ہیں۔

اپنے جرمنی دورے کے دوران وزیر اعلیٰ اتوار کے روز ایک بڑے تمل تارکین وطن پروگرام کی صدارت بھی کریں گے، جس میں پورے یورپ سے آئے ہوئے تمل تنظیموں کی جانب سے ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ اس موقع پر وہ یورپ کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے تمل سنگموں کو اعزازات سے نوازیں گے، جو تمل شناخت کے تحفظ اور بیرون ملک تمل ناڈو کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔