نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے حال ہی میں کہا ہے کہ اگر کوئی عورت کوئی نجی یا ذاتی کام نہیں کر رہی ہو تو اس کی اجازت کے بغیر اس کی تصویر لینا جرم نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ جب کوئی عورت نجی سرگرمی میں مصروف نہ ہو تو اس کی تصویر کھینچنا یا اس کی رضامندی کے بغیر موبائل فون سے ویڈیو بنانا، ہندوستانی تعزیری قانون کی دفعہ 354 سی کے تحت ’’ تانک جھانک‘‘ کے زمرے میں نہیں آتا۔
ایک ایسے ہی معاملے کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس این کوٹیشور سنگھ اور جسٹس منموہن کی بنچ نے ایک ملزم کو بری کر دیا، جس پر یہ الزام تھا کہ اس نے شکایت گزار خاتون کی تصاویر اور ویڈیو بنا کر اسے دھمکایا۔ خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم نے اس کی پرائیویسی میں مداخلت کی اور اس کی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچائی۔
خاتون نے پرائیویسی میں مداخلت کی شکایت درج کرائی تھی
شکایت گزار نے 19 مارچ 2020 کو ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔ شکایت آئی پی سی کی دفعات 341، 354سی اور 506 کے تحت درج کی گئی۔ خاتون نے الزام لگایا کہ 18 مارچ 2020 کو جب وہ اپنے دوست اور کچھ کام کرنے والوں کے ساتھ ایک پراپرٹی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی، تو ملزم نے انہیں اندر جانے سے روکا اور دھمکی دی۔
خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم نے اس کی رضامندی کے بغیر اس کی تصاویر اور ویڈیو بنائی، جس سے اس کی پرائیویسی میں مداخلت ہوئی اور اس کی عزت مجروح ہوئی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد 16 اگست 2020 کو ملزم کے خلاف ان دفعات کے تحت چارج شیٹ داخل کی۔
سپریم کورٹ نے کولکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو درست قرار دیا
سپریم کورٹ نے کولکتہ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کی توثیق کی، جس میں ملزم کے خلاف فوجداری مقدمہ خارج کرتے ہوئے یہ کہا گیا تھا کہ شکایت میں درج الزامات سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ محض تصاویر یا ویڈیو بنانا آئی پی سی کی دفعہ 354 سی کے تحت جرم نہیں بنتا۔