درزی کی بیٹی چنئی ٹاپر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-05-2026
درزی کی بیٹی چنئی ٹاپر
درزی کی بیٹی چنئی ٹاپر

 



اونیکا مہیشوری ،

چنئی، نئی دہلی : چنئی کی ایک عام سی گلی میں رہنے والے درزی ایم۔ کاظا محی الدین کی زندگی سلائی مشین کی آوازوں کے درمیان گزرتی رہی۔ وہ صبح سے رات گئے تک کپڑے سینتے رہے اور ان کا ایک ہی خواب تھا کہ ان کی بیٹی وہ مقام حاصل کرے جو وہ خود کبھی حاصل نہ کر سکے۔ محدود آمدنی، کرائے کے گھر اور مسلسل مالی مشکلات کے باوجود انہوں نے اپنی بیٹی عائشہ تنسیم کی تعلیم میں کبھی کمی نہ آنے دی۔ ان کی محنت، قربانی اور یقین کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے۔

سرکاری اسکول کی طالبہ عائشہ تنسیم نے 500 میں سے 497 نمبر حاصل کر کے چنئی شہر میں ٹاپ کیا ہے۔ وہ نہ صرف تمل ناڈو کے سرکاری اسکولوں میں تیسرے نمبر پر آئیں بلکہ شہر کے تمام سرکاری، نجی اور امداد یافتہ اسکولوں کے درمیان بھی ٹاپ تین میں شامل ہو گئیں۔ عائشہ گورنمنٹ مسلم ہائر سیکنڈری اسکول کی طالبہ ہیں۔ بچپن سے ان کا خواب ڈاکٹر بننا ہے۔ شاندار کامیابی کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور اساتذہ کے سر دیتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ آگے جا کر حیاتیات (بایولوجی) پڑھنا چاہتی ہیں اور NEET امتحان کی تیاری کر کے ڈاکٹر بننے کا خواب پورا کریں گی۔ جہاں خاندان میں خوشی کا ماحول ہے، وہیں والد کے ذہن میں مستقبل کے اخراجات کی فکر بھی ہے۔ ایم۔ کاظا محی الدین ایک درزی ہیں اور ان کی ماہانہ آمدنی تقریباً 20 سے 25 ہزار روپے ہے، جس کا بڑا حصہ کرائے میں خرچ ہو جاتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی تعلیم کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق عائشہ شروع سے ہی نہایت ذہین طالبہ رہی ہیں۔ اسکول کی پرنسپل کنمنی پریا کے مطابق اگر وہ ری ویلیوایشن کے لیے درخواست دیں تو ممکن ہے کہ ان کے نمبر 500 میں سے 500 ہو جائیں اور وہ ریاستی ٹاپر بن جائیں۔ وہ اسکالرشپ پروگراموں سے بھی فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ یہ کہانی صرف ایک طالبہ کی کامیابی نہیں بلکہ ایک باپ کی جدوجہد، قربانی اور مضبوط حوصلے کی بھی علامت ہے، جس نے غربت کو اپنی بیٹی کے خوابوں کی راہ میں کبھی رکاوٹ نہیں بننے دیا۔