نئی دہلی/ آواز دی وائس
۔26/11 ممبئی دہشت گرد حملوں کے اہم سازشی تہور حسین رانا نے ممبئی پولیس کرائم برانچ کو دی گئی اپنی پہلی تفتیش میں پاکستان کے گہرے کردار کا انکشاف کیا ہے۔ اپریل 2025 میں امریکہ سے ہندوستان لائے گئے رانا نے بتایا کہ وہ پاکستان فوج کا بھروسے مند شخص تھا اور اسے خلیجی جنگ کے دوران خفیہ مشن پر سعودی عرب بھی بھیجا گیا تھا۔
لشکرِ طیبہ کی سوچ سے زیادہ جاسوسی نیٹ ورک
رانا نے بتایا کہ اس نے 1986 میں راولپنڈی کے آرمی میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا اور بعد میں کوئٹہ میں کیپٹن ڈاکٹر کے طور پر فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ سندھ، بلوچستان، بہاولپور اور سیاچن-بالوَترا جیسے حساس علاقوں میں تعینات رہا۔ رانا کے مطابق، اس کا ساتھی سازشی ڈیوڈ کولمین ہیڈلی 2003 سے 2004 کے درمیان لشکرِ طیبہ کے تین ٹریننگ کیمپس میں شامل ہوا تھا۔ ہیڈلی نے خود رانا کو بتایا تھا کہ لشکر ایک نظریاتی تنظیم سے زیادہ جاسوسی نیٹ ورک کے طور پر کام کرتا ہے۔
طویل قانونی لڑائی کے بعد ہندوستان آیا تہور
رانا کو امریکہ سے طویل قانونی جنگ کے بعد 10 اپریل 2025 کو ہندوستان لایا گیا، جہاں دہلی ایئرپورٹ پر این آئی اے نے اسے گرفتار کیا۔ فی الحال کیس ممبئی کرائم برانچ کے تحت ہے اور ایجنسی جلد ہی رانا کی تحویل کی درخواست کر سکتی ہے۔ رانا نے بتایا کہ اس نے 1974 سے 1979 تک پاکستان کے حسن ابدال کیڈٹ کالج میں تعلیم حاصل کی، جہاں ہیڈلی اس کا ہم جماعت تھا۔ ہیڈلی کی ماں امریکی تھیں اور والد پاکستانی۔ رانا کے مطابق، ہیڈلی اپنی سوتیلی ماں کے رویے سے تنگ آ کر امریکہ چلا گیا تھا، جہاں وہ اپنی حقیقی ماں کے ساتھ رہنے لگا۔
۔2008 میں آیا تھا ہندوستان
رانا نے بتایا کہ وہ نومبر 2008 میں ہندوستان آیا تھا اور 20-21 نومبر کو ممبئی کے پَوَئی علاقے کے ایک ہوٹل میں رُکا تھا۔ حملے سے کچھ دن پہلے وہ دبئی ہوتے ہوئے بیجنگ چلا گیا تھا۔ کرائم برانچ کی 2023 میں دائر کی گئی 405 صفحات پر مشتمل ضمنی چارج شیٹ میں رانا کا کردار تفصیل سے بیان کیا گیا ہے، جس کے مطابق رانا نے ہیڈلی کی مدد سے ممبئی کے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں کی معلومات جمع کی تھیں، جن میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس بھی شامل ہے۔
لشکر-آئی ایس آئی کا گٹھ جوڑ، ممبئی میں دفتر کھولا تھا
تفتیش میں رانا نے لشکرِ طیبہ سے منسلک ساجد میر، عبد الرحمان پاشا اور میجر اقبال جیسے پاکستانی افسران کو جاننے کا اعتراف کیا ہے، جن پر 26/11 حملے کی سازش رچنے کا الزام ہے۔ رانا نے دعویٰ کیا کہ ممبئی میں کھولا گیا ’فرسٹ امیگریشن سینٹر‘ اس کا آئیڈیا تھا، نہ کہ ہیڈلی کا۔ اس دفتر کو ایک خاتون چلاتی تھی۔ رانا نے یہ بھی بتایا کہ ہیڈلی کو بھیجے گئے پیسے کاروباری خرچ کے طور پر استعمال کیے گئے۔
سیاچن میں بیماری اور فوج سے برطرفی
رانا نے انکشاف کیا کہ سیاچن میں تعیناتی کے دوران اسے پلمنری ایڈیما (پھیپھڑوں میں پانی بھرنے کی بیماری) ہو گئی تھی، جس کے سبب وہ ڈیوٹی پر نہیں جا سکا اور اسے فوج سے غیر حاضری کے الزام میں ’ڈیزرٹر‘ قرار دے کر نکال دیا گیا۔ 1993 میں رانا نے جرمنی اور انگلینڈ میں کچھ وقت گزارا اور پھر 1994 میں امریکہ چلا گیا، جہاں میڈیکل لائسنس حاصل کر کے وہ کینیڈا میں آباد ہوا۔ بعد میں امریکہ میں اس نے گوشت کے کاروبار، رئیل اسٹیٹ اور کریانہ کی دکان کا کاروبار شروع کیا۔ تفتیش میں رانا نے ایک شخص کا بھی ذکر کیا، جس نے مبینہ طور پر اس سے پیسوں کی مانگ کی تھی۔ یہ شخص پہلے ہی ہیڈلی کے رابطے میں تھا اور شیوسینا دفتر کی ریکی میں مدد کرتا تھا۔ حال ہی میں کولکاتا پولیس نے اس شخص کو ایک ٹی ایم سی رہنما کے دفتر کی ریکی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ای میلز اور ویزا گھوٹالہ
میجر اقبال کو بھیجے گئے ای میلز کے بارے میں پوچھنے پر رانا ٹال مٹول کر رہا ہے۔ ہندوستانی ویزا کے جعلی دستاویزات کے بارے میں رانا نے ہندوستانی سفارتخانے کو قصوروار ٹھہرایا، جبکہ امریکی محکمہ انصاف کا دعویٰ ہے کہ رانا نے ہیڈلی کو جعلی دستاویزات کے ذریعے ہندوستان بھیجنے میں مدد کی تھی۔ رانا نے بشیر شیخ نامی شخص کو جاننے کا اعتراف بھی کیا، جو مبینہ طور پر ممبئی ایئرپورٹ پر ہیڈلی کو لینے گیا تھا۔ بشیر شیخ کی موجودہ لوکیشن نامعلوم ہے اور مانا جا رہا ہے کہ وہ کینیڈا میں چھپا ہوا ہے۔