گوہاٹی: آئی آئی ٹی گوہاٹی کے ایک طالب علم کی کیمپس کی ایک عمارت سے مبینہ طور پر گرنے کے بعد موت ہو گئی۔ پولیس نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا۔ متوفی تیسرے سال کا بی ٹیک طالب علم تھا اور اس کا تعلق اڈیشہ سے تھا۔
پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور خودکشی کے امکان کو بھی خارج نہیں کیا گیا ہے۔ آئی آئی ٹی گوہاٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ادارہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا، "ہم پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، اس کے بعد ہی اس معاملے پر مزید معلومات شیئر کی جائیں گی۔ طالب علم کے والدین کیمپس آ رہے ہیں اور ادارہ اس مشکل وقت میں خاندان سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔
" ادارے نے عوام سے اپیل کی کہ حقائق سامنے آنے تک کسی بھی قسم کی قیاس آرائی سے گریز کریں۔ آئی آئی ٹی گوہاٹی نے بتایا کہ طلبہ کی ذہنی صحت اور رہنمائی کے لیے ساتھی کاؤنسلنگ کلب اور سینٹر فار ہولسٹک ویلبینگ کے ذریعے مشاورتی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا، "ہم تمام ایسے طلبہ سے اپیل کرتے ہیں جو کسی ذہنی یا جذباتی مشکل سے گزر رہے ہوں، یا جنہیں اپنے کسی دوست کے بارے میں ایسی تشویش ہو، وہ ان معاونتی نظاموں سے ضرور رابطہ کریں۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ اس کیمپس میں کسی کو بھی مشکل وقت کا اکیلے سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔"