نئی دہلی: ہندوستان سے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کا رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اب صرف کالج یا یونیورسٹی تک محدود نہیں، بلکہ بڑی تعداد میں ہندوستانی خاندان اپنے بچوں کو اسکولی سطح پر بھی بیرون ملک بھیج رہے ہیں۔
پارلیمنٹ کے ونٹر سیشن میں وزارت خارجہ (MEA) کی جانب سے جاری کیے گئے نئے اعداد و شمار واضح طور پر بتاتے ہیں کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ہندوستانی طلبہ کی موجودگی کتنی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہندوستان کس طرح عالمی تعلیمی نقشے پر ایک بڑی طاقت کے طور پر ابھرتا جا رہا ہے۔ وزارت نے پہلی بار اسکول سطح کے طلبہ کا ڈیٹا بھی شامل کیا ہے، جس سے تصویر اور بھی واضح ہو گئی ہے۔
یہ تبدیلی اس لیے ضروری سمجھی جا رہی ہے کیونکہ اب طلبہ کی حرکیّت (Students Mobility) کی مکمل اور حقیقی تصویر سامنے آئی ہے۔ پہلے صرف کالج یا یونیورسٹی کے طلبہ کو شمار کیا جاتا تھا، جبکہ اب پوری تعلیمی نظام کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق، 2025 تک دنیا کے 153 ممالک میں تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلبہ کی کل تعداد 18.8 لاکھ سے زائد ہو جائے گی۔
ان میں سے 6.28 لاکھ اسکول کے طلبہ اور 12.54 لاکھ اعلیٰ تعلیم یعنی یونیورسٹی اور کالج کے طلبہ ہوں گے۔ یہ پہلی بار ہے کہ اسکول سطح کے بچوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے کل تعداد میں اچانک اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ 2024 میں وزارت خارجہ نے 13.3 لاکھ یونیورسٹی طلبہ کے بیرون ملک ہونے کی اطلاع دی تھی۔
اب 2025 کی رپورٹ بتاتی ہے کہ یونیورسٹی اور اعلیٰ تعلیم میں طلبہ کی تعداد 12.54 لاکھ ہے، یعنی پچھلے تین سال کی مسلسل بڑھوتری کے بعد پہلی بار کمی واقع ہوئی۔ تاہم، اسکولوں کے اعداد و شمار شامل ہونے کی وجہ سے کل تعداد بڑھ گئی ہے۔
اسکول سطح کے نئے ڈیٹا نے صورتحال بدل دی ہے۔ خلیجی ممالک میں بڑی تعداد میں ہندوستانی مہاجر خاندان موجود ہیں، جن کے بچے وہاں کی اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اسکول طلبہ کی تعداد کچھ یوں ہے: یو اے ای: 2,47,325 ، قطر: 47,846 ، کویت: 50,000 ، سعودی عرب: 75,000 اور عمان: 44,547۔ یعنی کئی خلیجی ممالک میں ہندوستانی اسکولی بچے سب سے بڑی طلبہ آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔
۔ 2024 کے مقابلے میں کالج اور یونیورسٹی طلبہ کی تعداد میں کمی کئی عوامل کی وجہ سے ہے: ہندوستان–کینیڈا سفارتی کشیدگی، ویزا عمل کی سست روی اور کئی طلبہ کے منصوبوں کا رُک جانا۔ امریکہ میں نئی جانچ اور سختی، امیگریشن قواعد اور دستاویزات کی اضافی جانچ۔ برطانیہ میں سخت اسٹوڈنٹ ویزا اور ڈیپینڈنٹ قوانین، خاص طور پر ماسٹر کورسز کی داخلہ کے لیے۔ آسٹریلیا میں مالی ضروریات میں اضافہ اور مشکل تصدیق کے عمل۔ ان سب کے باوجود، بیرون ملک ہندوستانی طلبہ کی مجموعی موجودگی اب بھی بہت زیادہ ہے۔