سپریم کورٹ: ناقص سڑک پر ٹول کی وصولی غلط ہے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2025
سپریم کورٹ: ناقص سڑک پر ٹول کی وصولی غلط ہے
سپریم کورٹ: ناقص سڑک پر ٹول کی وصولی غلط ہے

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اگر کوئی سڑک گاڑی چلانے کے قابل نہیں ہے، یا وہ نامکمل ہے، اس پر گڑھے ہیں، یا ٹریفک مسلسل جام میں پھنسا رہتا ہے، تو ایسی سڑک پر ٹول ٹیکس وصول کرنا درست نہیں۔

عدالت نے یہ ریمارکس کیرالہ ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے دیے، جس میں ضلع تریشور کے پالیککارا ٹول بوتھ پر ٹول کی وصولی روکنے کا حکم دیا گیا تھا۔ 6 اگست کو کیرالہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ نے نیشنل ہائی وے 544 کے ایڈپلی-منوٹی سیکشن کی خستہ حالی کے پیش نظر چار ہفتوں تک ٹول وصولی روکنے اور سڑک کی مرمت کا حکم دیا تھا۔

یہ سڑک تقریباً 65 کلومیٹر طویل ہے۔ اس فیصلے کے خلاف نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) اور وہ نجی کمپنی جو سڑک کی دیکھ بھال اور ٹول وصولی کی ذمہ دار ہے، سپریم کورٹ پہنچے۔ ان کا موقف تھا کہ سڑک کا صرف محدود حصہ ہی خراب ہے۔ چیف جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس کے وینود چندرن پر مشتمل بینچ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو تبدیل کرنے سے انکار کر دیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے سڑک کی خراب حالت اور ٹریفک جام کا حوالہ دیتے ہوئے کہااگر ایک گھنٹے کا فاصلہ طے کرنے میں بارہ گھنٹے لگیں، تو ایسی سڑک پر ٹول وصول کرنے کی اجازت کیوں دی جائے؟ عوام ایسی سڑک پر سفر کرنے کے لیے 150 روپے کیوں ادا کریں؟

سپریم کورٹ نے کیرالہ ہائی کورٹ کی اس رائے سے مکمل اتفاق کیا جس میں کہا گیا تھا:یہ درست ہے کہ عوام کو ہائی وے استعمال کرنے کے بدلے ٹول فیس ادا کرنی پڑتی ہے، لیکن NHAI اور اس کے ایجنٹس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے بہتر اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔

عدالت نے مزید کہا: NHAI اور عوام کے درمیان رشتہ اعتماد پر مبنی ہوتا ہے۔ جب یہ اعتماد ٹوٹتا ہے، تو پھر قانون کا سہارا لے کر عوام سے زبردستی ٹول وصول کرنا ناجائز ہے۔ ایسے حالات میں NHAI یا اس کے ایجنٹ کو ٹول لینے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ ٹول بوتھ کی حالت پر سپریم کورٹ کی تنقید سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا: اکثر ٹول بوتھ پر عملہ کم ہوتا ہے، جبکہ کام بہت زیادہ۔ وہ اکثر بادشاہ کی طرح برتاؤ کرتے ہیں۔

عوام لمبی قطاروں میں اپنی باری کا انتظار کرتے رہتے ہیں، کسی کو پرواہ نہیں ہوتی۔ گاڑیاں مسلسل اسٹارٹ رہتی ہیں، جس کا اثر نہ صرف عوام کے صبر اور جیب پر پڑتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھتی ہے۔ یہ فیصلہ عوام کے مفاد میں ایک اہم عدالتی مداخلت ہے، جو ٹول سسٹم میں شفافیت اور جوابدہی لانے کے لیے ایک نظیر بن سکتا ہے۔ عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک بنیادی سہولت — یعنی اچھی سڑک — مہیا نہ کی جائے، تب تک عوام پر مالی بوجھ ڈالنا غیر منصفانہ ہے۔