نئی دہلی: سپریم کورٹ کے اس حکم کے تحت دہلی-این سی آر کے تمام آوارہ کتوں کو شیلٹر ہوم بھیجنے کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازعے نے بدھ (13 اگست 2025) کو دوبارہ سپریم کورٹ کا رخ کیا۔ ایک وکیل نے اس حکم کے خلاف درخواست دائر کی، جس پر چیف جسٹس بھوشن رام کرشن گوئی (سی جے آئی بی آر گوئی) نے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔
گزشتہ پیر کو عدالت نے دہلی-این سی آر کے تمام آوارہ کتوں کو ڈاگ شیلٹر ہومز میں بھیجنے کا حکم دیا تھا، جس کی حیوانات کے حقوق کے کارکن مخالفت کر رہے ہیں۔ بار اینڈ بنچ کی رپورٹ کے مطابق ایک وکیل نے یہ معاملہ چیف جسٹس کے سامنے رکھا اور سپریم کورٹ کے ایک پرانے فیصلے کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ تمام جانداروں کے ساتھ رحم دلی برتنی چاہیے۔
وکیل نے کہا، یہ معاملہ کمیونٹی کتوں کا ہے… سپریم کورٹ کا ایک پرانا فیصلہ ہے، جس میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ کسی بھی صورت میں کتوں کو اندھا دھند مارا نہیں جا سکتا۔ اس فیصلے دینے والے بنچ میں جسٹس کروَل بھی شامل تھے۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ تمام جانداروں کے ساتھ ہمدردی ہونی چاہیے۔
وکیل کی دلیل سننے کے بعد چیف جسٹس نے کہا، لیکن بنچ پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا چکا ہے۔ میں اسے دیکھتا ہوں۔ یاد رہے کہ 11 اگست کو سپریم کورٹ نے کتے کے کاٹنے کے واقعات اور اس سے لاحق ریبیز اور اموات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے دہلی-این سی آر کے تمام کتوں کو شیلٹر ہومز بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
اس دوران جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بنچ نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا تھا، ’’کیا ڈاگ لورز ان لوگوں کو واپس لا سکتے ہیں جن کی موت ریبیز کی وجہ سے ہوئی؟ حیوانات کے حقوق کے کارکنوں نے کہا کہ وہ کتوں کو گود لے کر گھروں میں رکھ سکتے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ آوارہ کتا راتوں رات پالتو نہیں بن سکتا۔
عدالت نے ریاستی حکومت اور میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی کہ ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کریں تاکہ کتے کے کاٹنے کے واقعات کی اطلاع دی جا سکے۔ شکایت ملنے کے چار گھنٹے کے اندر کاٹنے والے کتے کو پکڑ کر اس کی نس بندی اور ویکسینیشن کی جائے اور پھر اسے ڈاگ شیلٹر ہوم بھیجا جائے۔
عدالت نے سختی سے کہا کہ اگر کوئی بھی اس عمل میں رکاوٹ ڈالے گا تو اسے سپریم کورٹ کی توہین سمجھا جائے گا۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں کتوں کو دوبارہ باہر نہ چھوڑا جائے اور تمام میونسپل کارپوریشنز کو چھ ہفتوں کے اندر اپنی کارروائی کی اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ کے آوارہ کتوں کو شیلٹر ہوم بھیجے جانے کا سخت حکم دیا ہے، جس کے بعد ڈاگ لوورز میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ 11 اگست کو جب سپریم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت جاری تھی تو اس دوران باہر کھڑے ڈاگ لوورز اور وہاں موجود وکلاء کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ان کی کہا سنی ہاتھا پائی میں بدل گئی۔
اس واقعے کو وہاں موجود لوگوں نے اپنے کیمروں میں قید کر لیا۔ ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں وکلاء اور کچھ افراد کو ایک دوسرے کے کالر پکڑ کر مار پیٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔