نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز بھارتیہ نیائے سنہتا 2023 (Indian Justice Code – BNS) کے تحت غداری سے متعلق قانون کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست پر غور کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ چیف جسٹس بی آر گوئی، جسٹس کے وِنود چندرن اور جسٹس این وی انجاریہ پر مشتمل بنچ نے بی این ایس کی دفعہ 152 (غداری) کی آئینی حیثیت کے خلاف دائر کی گئی عوامی مفاد کی درخواست (PIL) پر مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔
یہ درخواست ریٹائرڈ میجر جنرل ایس جی وومبٹکری نے دائر کی ہے، جو فوج کے سابق افسر اور وششٹھ سیوا میڈل یافتہ ہیں۔ سپریم کورٹ نے اس درخواست کو اس سے پہلے دائر ایک زیرِ التواء درخواست کے ساتھ جوڑنے کا حکم دیا، جس میں بھارت کے سابق فوجداری قانون یعنی انڈین پینل کوڈ (IPC) کی دفعہ 124-A (غداری) کو چیلنج کیا گیا تھا۔ اب اس دفعہ کو بی این ایس کی دفعہ 152 سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔
بی این ایس کی دفعہ 152 ان افعال سے متعلق ہے جو ہندوستان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ دفعہ دراصل غداری کے قانون کا "نیا ورژن" ہے، جس پر پہلے جولائی 2022 میں سپریم کورٹ نے اس وقت تک عملدرآمد روک دیا تھا جب تک پارلیمنٹ میں قانون کا جائزہ مکمل نہ ہو جائے۔
واضح رہے کہ جولائی 2022 میں اس وقت کے چیف جسٹس این وی رمنّا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئی پی سی کے تحت غداری سے متعلق دفعہ پر عبوری روک لگا دی تھی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ بی این ایس کی یہ دفعہ آئینِ ہند کے آرٹیکل 14 (برابری کا حق)، آرٹیکل 19(1)(اے) (اظہارِ رائے کی آزادی) اور آرٹیکل 21 (زندگی کا حق) کی خلاف ورزی کرتی ہے۔