سپریم کورٹ : حکومت داعش سے جڑی ماں بیٹی کی حوالگی کی درخواست پر غور کرے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
سپریم کورٹ : حکومت داعش سے جڑی ماں بیٹی کی حوالگی کی درخواست پر غور کرے
سپریم کورٹ : حکومت داعش سے جڑی ماں بیٹی کی حوالگی کی درخواست پر غور کرے

 


نئی دہلی : سپریم کورٹ نے پیر کو مرکز کو ہدایت دی کہ وہ ایک باپ کی طرف سے افغانستان سے اپنی بیٹی اور پوتی کی حوالگی کی درخواست پر غور کرے۔ عدالت نے یہ ہدایت وی جے سیبسٹین کی طرف سے دائر درخواست میں دی، جس میں ان کی بیٹی سونیا سیبسٹین (جس کا نام تبدیل کر کے اسلام قبول کرنے کے بعد اب عائشہ رکھا گیا ہے) کی حوالگی کی درخواست کی گئی تھی۔

جس نے 2016 میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس میں شامل ہونے کے لیے ہندوستان چھوڑا تھا اور اس کی نابالغ بیٹی سارہ، جو مبینہ طور پر طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان کی ایک جیل میں بند ہے۔

جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور بی آر گاوائی کی بنچ نے مرکزی حکومت کو وی جے سیبسٹین کی نمائندگی پر 8 ہفتوں کے اندر فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔

بنچ نے سیبسٹین کو آرٹیکل 226 کے تحت ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی آزادی بھی دی ہے اگر وہ مرکزی حکومت کے فیصلے سے ناراض ہیں۔

درخواست گزار کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل رنجیت مرار نے کہا کہ درخواست جولائی 2021 میں طالبان کے افغانستان پر قبضے سے قبل دائر کی گئی تھی۔ 

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد چونکہ جیلیں کھول دی گئی تھیں، اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ سونیا اور ان کی بیٹی حراست میں نہیں ہیں، کیونکہ سرحدی علاقوں میں قیدیوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

سماعت کے دوران جسٹس ناگیشورا راؤ نے کہا کہ "ہم حکومت کو آپ کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دے سکتے ہیں کیونکہ حوالگی ایسا معاملہ نہیں ہیں جس پر عدالت فیصلہ کر سکے۔ان تمام معاملات پرحکومت کو فیصلہ کرنا ہے۔

 ایڈوکیٹ مرار نے کہا کہ جہاں تک وطن واپسی کا تعلق ہے تو کچھ مشکل ہے کیونکہ حوالگی کا معاہدہ پچھلی حکومت کے ساتھ ہے۔

جسٹس راؤ نے جواب دیاکہ "حکومت بدلنے سے معاہدہ ختم نہیں ہوتا۔ اخبارات کو دیکھنے سے تعلقات اچھے لگتے ہیں۔ حکومت کو قائل کیا جا سکتا ہے، لیکن آپ کو پہلے ہندوستانی حکومت کو قائل کرنا ہوگا۔"

مرار نے کہا کہ درخواست گزار کو آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی آزادی دی جانی چاہیے اگر وہ حکومت کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہے۔ جسٹس راؤ نے جواب دیا کہ "ہم حکومت کو فیصلہ لینے کی ہدایت کر سکتے ہیں اور اگر آپ کو تکلیف ہے تو آپ ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ہائی کورٹس آئینی فرائض بھی ادا کر رہی ہیں اور بین الاقوامی قانون کی دفعات کی تشریح کر سکتی ہیں۔"

 بنچ نے رٹ پٹیشن کو نمٹاتے ہوئے جواب دہندگان – کابینہ سیکرٹری اور سیکرٹری وزارت خارجہ کو 8 ہفتوں کے اندر حوالگی کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔ 

پس منظر: یو اے پی اے کے تحت ایک فوجداری مقدمے میں، سونیا سیبسٹین کو دہشت گرد تنظیم داعش میں ملوث ہونے کے الزام میں ہندوستان میں مقدمے کا سامنا ہے۔ درخواست گزار نے دلیل دی کہ مرکزی حکومت اسے ہندوستان کے حوالے کرنے کے لیے فعال اقدامات نہیں کر رہی ہے۔ سونیا اپنے شوہر کے ساتھ داعش کے نظریے کا پرچار کرنے افغانستان گئی تھیں۔تاہم، 2019 میں ان کے شوہر کو افغان فورسز نے ہلاک کر دیا تھا۔

اس کے بعد سونیا اور ان کی بیٹی نے افغان فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے۔ درخواست میں استدلال کیا گیا تھا کہ زیر حراست افراد کو واپس لانے میں مرکزی حکومت کی بے عملی بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اس کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے۔

یہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ، 1948 (یو ڈی ایچ اؑر) اور شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے، 1966 کی بھی خلاف ورزی کرتا ہے۔ درخواست گزار کی بیٹی سمیت چار ہندوستانی خواتین کے یوٹیوب پر ایک دستاویزی فلم کے طور پر اپ لوڈ کیے گئے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ درخواست گزار کی بیٹی داعش میں شمولیت کے اپنے فیصلے پر پچھتا رہی ہے اور وہ وطن واپس آنا چاہتی ہے اور عدالت کا سامنا کرنا چاہتی ہے۔

درخواست گزار نے استدلال کیا کہ جواب دہندگان کی طرف سے قیدیوں کی وطن واپسی یا حوالگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات نہ کرنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، کیونکہ یہ آئین ہند کے آرٹیکل 14، 19 اور 21 کے تحت ضمانت یافتہ ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

ایڈوکیٹ لکشمی این کیمل اور ایڈوکیٹ رنجیت بی مرار کی طرف سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ "ہندوستان نے سال 2016 میں افغانستان کے ساتھ حوالگی کا معاہدہ کیا تھا اور 24 نومبر 2019 کو کابل میں اس معاہدے کی توثیق کے ذرائع کا تبادلہ کیا گیا تھا۔

"  کیرالہ ہائی کورٹ نے نمیشا فاطمہ کی والدہ کی طرف سے دائر کی گئی ہیبیس کارپس کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا، ایک اور خاتون جو سونی سیباسٹین کی طرح داعش میں شامل ہونے کے لیے ہندوستان چھوڑ آئی تھی۔