نئی دہلی
سپریم کورٹ آف انڈیا نے چمبل سینکچری میں بڑے پیمانے پر جاری غیر قانونی ریت کی کان کنی کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔ عدالت نے اس حساس ماحولیاتی نظام اور وہاں رہنے والے نایاب جنگلی جانوروں کو لاحق خطرات کو دیکھتے ہوئے از خود نوٹس (سُو موٹو) لیا ہے۔ نیشنل چمبل سینکچری کا یہ محفوظ علاقہ طویل عرصے سے غیر قانونی کان کنی کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے۔
جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے واضح کیا کہ بڑے پیمانے پر ہونے والی غیر قانونی کان کنی وہاں پائے جانے والے نایاب اور خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے وجود کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ عدالت کے مطابق چمبل کا ماحولیاتی نظام انتہائی حساس ہے اور غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیاں اسے مستقل نقصان پہنچا رہی ہیں۔ چمبل سینکچری طویل عرصے سے ریت مافیا اور غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں کا مرکز بنی ہوئی ہے اور اسے روکنے میں پیش آنے والی مشکلات تشویشناک ہیں۔
بنچ نے کہا كہ ہم نے آج نیشنل چمبل سینکچری میں غیر قانونی ریت کی کان کنی اور خطرے سے دوچار آبی جنگلی حیات کے تحفظ کے معاملے پر از خود نوٹس لیا ہے۔ ہم نے حالیہ اخباری رپورٹوں اور چمبل ریور سینکچری اتھارٹی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لیا ہے۔ ان رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پورے محفوظ علاقے میں جہاں گھڑیا ل کے تحفظ کا پروگرام چل رہا ہے، وہاں بڑے پیمانے پر غیر قانونی کان کنی ہو رہی ہے۔
بنچ نے مزید کہا کہ اس کان کنی کے باعث گھڑیا ل کو اپنی جگہ تبدیل کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ یہاں تک کہ وہ علاقے بھی غیر قانونی کان کنی کی زد میں آ گئے ہیں جہاں ریاست کے وزیر اعلیٰ نے گھڑیا ل کو چھوڑا تھا۔
عدالت نے کہا کہ اس معاملے کو ضروری ہدایات کے لیے معزز چیف جسٹس سنجیو کھنہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔