ڈیجیٹل گرفتاری گھوٹالہ کے خلاف سپریم کورٹ کی سخت کارروائی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-12-2025
ڈیجیٹل گرفتاری گھوٹالہ کے خلاف سپریم کورٹ کی سخت کارروائی
ڈیجیٹل گرفتاری گھوٹالہ کے خلاف سپریم کورٹ کی سخت کارروائی

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے "ڈیجیٹل اریسٹ اسکیم" کو نہایت سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے اس سے متعلق تمام مقدمات کی تفتیش سی بی آئی کے حوالے کر دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس طرح کے سائبر فراڈ پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل اریسٹ اسکیم پر فوراً توجہ دینا لازمی ہے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ اب دیگر اسکیموں کے مقابلے میں سب سے پہلے ڈیجیٹل اریسٹ اسکیم کے معاملات کی تفتیش سی بی آئی کرے گی۔
سی بی آئی کو خصوصی اختیارات
ڈیجیٹل اریسٹ اسکیم سے جڑے تمام مقدمات کی تفتیش اب سی بی آئی کرے گی۔ سائبر جرائم میں استعمال ہونے والے بینک اکاؤنٹس کی مکمل چھان بین کے لیے سی بی آئی کو پوری آزادی دے دی گئی ہے۔ متعلقہ بینک افسروں کے کردار کی جانچ بھی کی جا سکے گی۔ ملک میں بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل فراڈ پر قابو پانے کے لیے اسے ایک بڑا قدم مانا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ نے ملک بھر میں تیزی سے بڑھ رہے ڈیجیٹل اریسٹ اسکیم کو انتہائی سنگین مسئلہ مانتے ہوئے اس کی مکمل جانچ سی بی آئی کو سونپ دی ہے اور اس کے ساتھ ایجنسی کو متعدد خاص اختیارات بھی فراہم کیے ہیں۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بینچ نے سی بی آئی کو انسدادِ بدعنوانی ایکٹ (PCA) کے تحت ان بینک افسروں کی تفتیش کی بھی پوری اجازت دی ہے جن کے بینک اکاؤنٹس ڈیجیٹل اریسٹ فراڈ میں استعمال ہوئے۔
آر بی آئی کو نوٹس جاری
سپریم کورٹ نے ہندوستانی ریزرو بینک  کو معاملے میں فریق بنایا ہے اور پوچھا ہے کہ  اے آئی/ ایم ایل کی مدد سے مشکوک بینک اکاؤنٹس کی شناخت اور مجرمانہ کمائی کو فریز کرنے کا نظام کب نافذ کیا جائے گا۔
تمام ایجنسیاں سی بی آئی کی مدد کریں گی
عدالت نے کہا کہ آئی ٹی انٹرمیڈیئری رولز کے تحت تمام ادارے سی بی آئی کو مکمل تعاون فراہم کریں۔ جن ریاستوں نے اب تک سی بی آئی کو عام اجازت نہیں دی ہے، وہ آئی ٹی ایکٹ 2021 کے معاملات میں خصوصی اجازت دیں تاکہ ملک بھر میں ایک ساتھ کارروائی ممکن ہو سکے۔
ضرورت پڑنے پر انٹرپول کی مدد
سپریم کورٹ نے یہ بھی ہدایت دی کہ ضرورت پڑنے پر سی بی آئی انٹرپول کے ساتھ رابطہ قائم کر کے کارروائی کرے۔
سِم کارڈ کے غلط استعمال پر سختی
سپریم کورٹ نے محکمۂ ٹیلی کمیونی کیشن سے کہا ہے کہ ایک ہی نام پر متعدد سِم جاری ہونے سے روکنے کے لیے ٹھوس تجویز پیش کی جائے، تاکہ تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو واضح ہدایات جاری کی جا سکیں۔
سائبر کرائم سینٹر قائم کرنے کا حکم
تمام ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد سائبر کرائم سینٹر قائم کریں، اور اگر کوئی رکاوٹ آئے تو عدالت کو مطلع کریں۔
برآمد شدہ فونز کا ڈیٹا محفوظ رکھا جائے
عدالت نے کہا کہ آئی ٹی ایکٹ کے تحت درج تمام معاملات میں ضبط کیے گئے موبائل فونز کا ڈیٹا محفوظ رکھا جائے اور متعلقہ ایف آئی آرز سی بی آئی کے حوالے کی جائیں۔
اگلی سماعت دو ہفتے بعد
چیف جسٹس نے بتایا کہ عدالت کے نوٹس لیتے ہی بڑی تعداد میں متاثرین سامنے آئے ہیں، جن میں زیادہ تر بزرگ افراد شامل ہیں جنہیں مختلف طریقوں سے دھوکہ دیا گیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ڈیجیٹل اریسٹ اسکیم نہایت سنگین جرم ہے اور ملک کی سب سے بڑی تحقیقاتی ایجنسی کو فوری کارروائی کرنی ہوگی۔