نئی دہلی/ آواز دی وائس
آلودگی پر قابو پانے کو لے کر سپریم کورٹ نے جمعرات کو ایک اہم تبصرہ کیا ہے۔ چیف جسٹس بی۔ آر۔ گوئی نے صاف الفاظ میں کہا کہ اگر این سی آر کے شہروں کو صاف ہوا کا حق ہے تو دوسرے شہروں کے لوگوں کو کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ صاف ہوا کا حق صرف دہلی-این سی آر تک محدود نہیں رہ سکتا بلکہ پورے ملک کے شہریوں کو ملنا چاہیے۔
دہلی میں پٹاخوں پر پابندی کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضی پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ ماحولیات سے متعلق جو بھی پالیسی ہو وہ پورے ہندوستان کی سطح پر ہونی چاہیے۔ ہم صرف دہلی کے لیے اس لیے پالیسی نہیں بنا سکتے کہ یہاں ملک کا ایلیٹ طبقہ رہتا ہے۔ اگر پٹاخوں پر پابندی لگانی ہے تو یہ پابندی پورے ملک میں ہونی چاہیے۔
سپریم کورٹ کا یہ تبصرہ اس عرضی کی سماعت کے دوران آیا جس میں 3 اپریل 2025 کے حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عرضی میں دہلی-این سی آر میں پٹاخوں کی فروخت، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور تیاری پر مکمل پابندی کے حکم میں ترمیم کی مانگ کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا کہ میں پچھلے سال سردیوں میں امرتسر گیا تھا۔ وہاں آلودگی دہلی سے بھی بدتر تھی۔ اگر پٹاخوں پر پابندی لگانی ہے تو یہ پابندی پورے ملک میں ہونی چاہیے۔ اپنا ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے جسٹس گوئی نے پورے ملک میں آلودگی روکنے کی پالیسیاں نافذ کرنے پر زور دیا۔
سماعت کے دوران اَمی کس سینیئر ایڈووکیٹ اپراجتا سنگھ نے کہا کہ ایلیٹ طبقہ اپنا خیال رکھتا ہے، آلودگی ہونے پر وہ دہلی سے باہر چلے جاتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے دہلی-این سی آر میں پٹاخوں پر مکمل پابندی کے خلاف عرضی پر کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ کو نوٹس جاری کیا اور دو ہفتوں میں جواب طلب کیا۔
اس سے پہلے دہلی-این سی آر میں پٹاخہ بین کے معاملے پر اپریل میں سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اسے انتہائی ضروری قرار دیا تھا۔ کورٹ کا کہنا تھا کہ پابندی کو صرف چند مہینوں تک محدود کرنے سے کوئی مقصد پورا نہیں ہوگا، لوگ پورے سال پٹاخے جمع کریں گے اور اسی وقت فروخت کریں گے جب پابندی لگی ہوگی۔