سپریم کورٹ نے دہلی کے تاریخی ورثے کی بدحالی پر ایم سی ڈی، اے ایس آئی کو پھٹکار لگائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-08-2026
سپریم کورٹ نے دہلی کے تاریخی ورثے کی بدحالی پر ایم سی ڈی، اے ایس آئی کو پھٹکار لگائی
سپریم کورٹ نے دہلی کے تاریخی ورثے کی بدحالی پر ایم سی ڈی، اے ایس آئی کو پھٹکار لگائی

 



نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں تاریخی ورثے کی عمارتوں کی خراب حالت پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کو معاملے میں "مکمل لاپروائی" برتنے اور حقائق چھپانے پر سخت پھٹکار لگائی۔ جسٹس احسان الدین امان اللہ اور جسٹس این. کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے پیر کو دونوں اداروں کے سینئر افسران کو عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت دی اور معاملے کی اگلی سماعت 7 اکتوبر کو مقرر کی۔

بنچ کے یہ سخت ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب اسے میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے ذریعے جنوبی دہلی کے جمرودپور علاقے میں لودھی دور کے مقبروں کی خستہ حالی اور بڑے پیمانے پر تجاوزات کے بارے میں معلومات ملی۔ دہلی کی تاریخی ورثے کی عمارتوں کے تحفظ اور دیکھ بھال سے متعلق عرضی پر سماعت کرتے ہوئے بنچ نے کہا، "اب ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا کہ ایم سی ڈی کے ایڈیشنل کمشنر اور اے ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی جائے اور حلف نامے کے ذریعے یہ وضاحت طلب کی جائے کہ عدالت کو اس طرح کے طرز عمل کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مناسب حکم کیوں جاری نہیں کرنا چاہیے۔"

ان میڈیا رپورٹس کا حوالہ دہلی کے رہائشی راجیو سوری کی جانب سے دائر درخواست میں دیا گیا تھا۔ انہی کی عرضی کے ذریعے عدالت قومی دارالحکومت میں تاریخی ورثے کی عمارتوں اور مقامات کے تحفظ کی نگرانی کر رہی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ایم سی ڈی نے 10 اپریل کو داخل اپنی اسٹیٹس رپورٹ میں کہا تھا کہ جمرودپور کے پانچ مقبروں کا سروے کیا گیا۔

ان میں سے ایک عمارت کی حالت تسلی بخش پائی گئی، جبکہ دیگر تین کے آس پاس تجاوزات اور کچرا موجود تھا۔ عدالت کی جانب سے مقرر کردہ کمشنروں نے بھی بنچ کو بتایا کہ جمرودپور میں ایم سی ڈی کے زیر انتظام گریڈ-1 زمرے کی پانچ تاریخی عمارتیں ہیں، جن میں سے ایک کا سراغ ہی نہیں مل سکا۔ عدالت نے کہا، "ایم سی ڈی کی جانب سے مکمل لاپروائی برتی گئی اور حقائق چھپائے گئے۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایم سی ڈی نے واضح طور پر یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ایسی عمارت تجاوزات سے پاک ہے۔