کپل سبل کی عرضی پر سپریم کورٹ نے مرکز سے جواب طلب کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2026
کپل سبل کی عرضی پر سپریم کورٹ نے مرکز سے جواب طلب کیا
کپل سبل کی عرضی پر سپریم کورٹ نے مرکز سے جواب طلب کیا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو آزاد رکنِ راجیہ سبھا اور سینئر وکیل کپل سبل کی اس عرضی پر سماعت کے لیے اتفاق کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا، جس میں آئین کی دسویں شیڈول (انسدادِ دَل بدل قانون) کی اس تشریح پر نظرِ ثانی کی درخواست کی گئی ہے، جس کے تحت ارکانِ اسمبلی اور ارکانِ پارلیمنٹ کسی دوسرے سیاسی جماعت میں انضمام (مرجر) کا دعویٰ کرکے نااہلی سے بچ سکتے ہیں۔

جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس آلوک آرادھے کی بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں کئی ایسے سوالات ہیں جن پر پارلیمنٹ کو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ عرضی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں عام آدمی پارٹی، ترنمول کانگریس اور شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے کئی ارکانِ پارلیمنٹ دسویں شیڈول کی انضمام سے متعلق شق کا استعمال کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور دیگر جماعتوں میں شامل ہو گئے۔

کپل سبل نے عدالت سے کہا کہ اس معاملے کے ہندوستانی سیاست پر دور رس اثرات ہیں، کیونکہ اس شق کے ذریعے اقلیتی جماعت اکثریتی اور اکثریتی جماعت اقلیتی بن سکتی ہے۔ بنچ نے کہا کہ دسویں شیڈول پارلیمنٹ نے منظور کی تھی، اس لیے اس میں مناسب اصلاحات کرنا بھی پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ جسٹس نرسمہا نے کہا، "یہ ایسے معاملات ہیں جنہیں عام طور پر پارلیمنٹ میں اٹھایا جانا چاہیے۔

دسویں شیڈول کا مقصد ایک طریقۂ کار کو منظم کرنا تھا، لیکن اس میں کئی دیگر مسائل بھی شامل ہیں۔" کپل سبل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اس قانون کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال ہو رہا ہے۔ جسٹس نرسمہا نے جواب دیا، "یہ قانون پارلیمنٹ نے بنایا ہے، اس میں تبدیلی یا وضاحت کرنا بھی پارلیمنٹ کا کام ہے۔ تاہم ہم نوٹس جاری کرتے ہیں اور اس عرضی کو متعلقہ مقدمے کے ساتھ منسلک کرتے ہیں۔"

سبل نے بتایا کہ گوا میں ارکانِ اسمبلی کی دَل بدل سے متعلق ایک مقدمہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، جس کے بعد عدالت نے موجودہ عرضی کو بھی اسی مقدمے کے ساتھ منسلک کر دیا۔ اپنی عرضی میں سبل نے کہا ہے کہ آئین کی دسویں شیڈول کے پیراگراف 4 کی ایسی تشریح درست نہیں جس کے تحت کسی سیاسی جماعت کے دو تہائی قانون ساز ارکان محض "فرضی انضمام" (Notional Merger) کا سہارا لے کر نااہلی سے بچ جائیں، جبکہ خود اصل سیاسی جماعت نے کسی دوسری جماعت کے ساتھ انضمام کا کوئی فیصلہ نہ کیا ہو۔

انہوں نے استدلال کیا کہ اس تشریح نے منتخب نمائندوں کو اپنی جماعت چھوڑ کر دوسری جماعت میں شامل ہونے کی راہ ہموار کر دی ہے، جس سے وہ انسدادِ دَل بدل قانون کے تحت نااہلی سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔ سبل نے عدالت سے درخواست کی کہ ایسی تشریح کو مسترد کیا جائے جو آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہو۔ ان کے مطابق اس شق نے بڑے پیمانے پر دَل بدل، اصولوں سے عاری سیاسی توڑ پھوڑ اور "خرید و فروخت" کی سیاست کو فروغ دیا ہے، جس کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو غیر جمہوری طریقے سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال جمہوری جوابدہی اور سیاسی دیانت داری کو کمزور کرتی ہے اور دسویں شیڈول کے اصل مقصد کو بے معنی بنا دیتی ہے۔ عرضی میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران گوا، اروناچل پردیش، کرناٹک، آندھرا پردیش، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر سمیت کئی ریاستوں میں حکومتیں بڑے پیمانے پر دَل بدل کے باعث گریں یا بنیں، جبکہ بہوجن سماج پارٹی، کانگریس، شیو سینا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور دیگر جماعتوں میں بھی بڑے پیمانے پر انضمام اور ٹوٹ پھوٹ کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کیا گیا۔ سبل نے کہا کہ اگرچہ 2003 میں جماعتی تقسیم (Split) سے متعلق استثنا ختم کر دیا گیا تھا، لیکن پیراگراف 4(2) میں موجود "فرضی انضمام" کی شق نے عملاً وہی نتیجہ پیدا کر دیا ہے اور اس کے ذریعے ارکان نااہلی سے بچ کر اپنی شرائط منوا لیتے ہیں، حالانکہ اصل سیاسی جماعت نے کسی انضمام کی منظوری نہیں دی ہوتی۔