نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز NEET امتحان میں اصلاحات کو مستقل اور ادارہ جاتی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) سے پوچھا کہ رادھا کرشنن کمیٹی اور نندن نیلیکنی کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس آلوک ارادھے پر مشتمل بنچ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے میں نیا حلف نامہ داخل کریں۔
عدالت نے کہا کہ رادھا کرشنن کمیٹی نے درست طور پر نشاندہی کی ہے کہ یہ ایک نظامی مسئلہ ہے، جسے ادارہ جاتی شکل دینے کی ضرورت ہے۔ عدالت کے مطابق کاغذ پر امتحانی عمل مکمل طور پر اچھا دکھائی دیتا ہے، لیکن ایک امتحان کے بعد اگلے امتحان تک حالات بدل جاتے ہیں۔
سماعت کے آغاز میں تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ NEET سوالیہ پرچے کی طباعت سے لے کر طلبہ تک پہنچنے تک پورے عمل میں متعدد حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ NEET امتحانات کے لیے موجودہ نظام مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس میں نقب لگانا انتہائی مشکل ہے۔ مہتا نے بتایا کہ متعدد ماڈریٹرز، یعنی سوالات تیار کرنے اور ان کا جائزہ لینے والے ماہرین، سے سوالات کا بینک تیار کرایا جاتا ہے۔ ان ماہرین کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ان کے تیار کردہ سوالات میں سے کون سے سوالات حتمی پرچے میں شامل کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ NEET سوالیہ پرچے لے جانے والی گاڑیوں میں GPS نصب ہوتا ہے اور ان کی ہر معمولی نقل و حرکت بھی ریکارڈ کی جاتی ہے۔ سپریم کورٹ مختلف عرضیوں کے ایک مجموعے کی سماعت کر رہی تھی، جن میں فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے وکیل تنوی دوبے کے ذریعے دائر کی گئی درخواست بھی شامل ہے۔ NEET-UG سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے بعد وزارتِ تعلیم نے امتحانی عمل میں اصلاحات، ڈیٹا سکیورٹی پروٹوکول کو
بہتر بنانے اور NTA کے ڈھانچے و طریقۂ کار میں بہتری کے لیے سفارشات دینے کی غرض سے سات رکنی رادھا کرشنن کمیٹی تشکیل دی تھی۔ حکومت نے NEET امتحانات میں ساختی اصلاحات کے لیے انفوسس کے شریک بانی نندن نیلیکنی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی ٹاسک فورس بھی قائم کی تھی۔