سپریم کورٹ کا بی سی سی آئی کو اسپورٹس گورننس ایکٹ پر جواب طلب

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2026
سپریم کورٹ کا بی سی سی آئی کو اسپورٹس گورننس ایکٹ پر جواب طلب
سپریم کورٹ کا بی سی سی آئی کو اسپورٹس گورننس ایکٹ پر جواب طلب

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) اور تمام ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز سے پوچھا ہے کہ انہیں نیشنل اسپورٹس گورننس ایکٹ، 2025 کے تحت کیوں نہ لایا جائے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے منگل کو بی سی سی آئی سے متعلق معاملے میں کچھ کرکٹ اداروں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران یہ سوال کیا۔

بنچ نے بی سی سی آئی اور ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی جانب سے پیش ہونے والے وکلا سے یہ بھی کہا کہ وہ اس بارے میں ہدایات حاصل کریں کہ ان کے عہدیداروں کی ملازمت کی شرائط و ضوابط کو 2025 کے اس قانون کے تحت کیوں نہ لایا جائے، جو اب نافذ العمل ہے۔ سپریم کورٹ 2014 سے بی سی سی آئی سے متعلق ایک عرضی پر سماعت کر رہی ہے اور وقتاً فوقتاً اس معاملے میں کئی درخواستیں دائر کی جاتی رہی ہیں۔

سپریم کورٹ نے اس سے قبل سابق چیف جسٹس آر ایم لودھا کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، جس سے کہا گیا تھا کہ وہ بی سی سی آئی میں اصلاحات کے اقدامات تجویز کرے، جن میں اس کرکٹ ادارے کے لیے آئین وضع کرنا بھی شامل تھا۔ اعلیٰ عدالت نے کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے ڈھانچے، تنظیم اور کام کاج میں اصلاحات کی منظوری دی تھی۔

ستمبر 2022 میں سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی کے آئین میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی عہدیدار مسلسل 12 سال تک عہدے پر رہ سکتا ہے، جس میں ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشن میں چھ سال اور بی سی سی آئی میں چھ سال شامل ہوں گے۔ اس کے بعد تین سال کی ’کولنگ آف‘ مدت شروع ہوگی۔

عدالت نے کہا تھا کہ کوئی عہدیدار بی سی سی آئی اور ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشن، دونوں سطحوں پر کسی مخصوص عہدے پر مسلسل دو میعاد تک رہ سکتا ہے، جس کے بعد اسے تین سال کی ’کولنگ آف‘ مدت گزارنی ہوگی۔ بی سی سی آئی کے اس آئین میں، جسے پہلے سپریم کورٹ نے منظوری دی تھی، ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشن یا بی سی سی آئی میں مسلسل تین تین سال کی دو میعاد پوری کرنے والے کسی بھی عہدیدار کے لیے لازمی تین سال کی ’کولنگ آف‘ مدت مقرر کی گئی تھی۔