تلنگانہ حکومت کے قدم پر سپریم کورٹ کا سخت تبصرہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-01-2026
تلنگانہ حکومت کے قدم پر سپریم کورٹ کا سخت تبصرہ
تلنگانہ حکومت کے قدم پر سپریم کورٹ کا سخت تبصرہ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے تلنگانہ کے اسپیشل انٹیلی جنس بیورو (ایس آئی بی) کے سابق سربراہ ٹی پربھاکر راؤ کی جانب سے فون ٹیپنگ معاملے میں دائر پیشگی ضمانت کی درخواست پر جمعہ کو سماعت کے دوران ریاستی حکومت سے سوال کیا کہ کیا اس کی نیت ایک ریٹائرڈ افسر کو اس وقت تک جیل میں رکھنے کی ہے، جب تک وہ ٹوٹ نہ جائے۔

جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بنچ نے سماعت کے آغاز میں ہی اس بات کا عندیہ دیا کہ آئی پی ایس کے سابق افسر کو دی گئی عبوری ضمانت کے حکم کو مستقل کیا جا سکتا ہے۔ تیلنگانہ کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر ایڈووکیٹ سدھارتھ لوُتھرا نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں قانون کے وسیع اور اہم سوالات شامل ہیں۔

انہوں نے عدالت سے ریاست کی جانب سے اٹھائے گئے قانونی نکات پر غور کرنے کی درخواست کی، جن میں یہ سوال بھی شامل ہے کہ آیا کسی ایسے شخص کو، جسے مفرور قرار دیا جا چکا ہو اور جو بیرونِ ملک مقیم ہو، پیشگی ضمانت دی جا سکتی ہے یا نہیں۔

اس پر بنچ نے کہا، ہمیں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ آپ انہیں اس وقت تک جیل میں رکھنا چاہتے ہیں، جب تک وہ ٹوٹ نہ جائیں۔ اب ہم آپ کو اپنے عبوری حکم (جس کے تحت تحفظ فراہم کیا گیا ہے) کو اس کے مقصد سے زیادہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عدالت نے واضح کیا کہ پیشگی ضمانت کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ملزم کو مکمل چھوٹ حاصل ہو گئی ہے، اور ریاستی پولیس انہیں تفتیش کے لیے طلب کر سکتی ہے۔

بنچ نے کہا کہ اس نے تفتیش میں تعاون کے مقصد سے 11 دسمبر کو آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت ایک عبوری اقدام کے طور پر راؤ کے خودسپردگی اور حراست کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ اس معاملے کی آئندہ سماعت 10 مارچ کو کرے گی اور تب تک راؤ کو دی گئی عبوری تحفظ برقرار رہے گی۔

گزشتہ سال 19 دسمبر کو سپریم کورٹ نے راؤ کی پولیس حراست میں 25 دسمبر تک توسیع کی تھی۔ بنچ نے کہا تھا کہ 26 دسمبر کو پوچھ گچھ کے بعد انہیں رہا کر دیا جائے گا اور اگلی سماعت تک ان کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی نہیں کی جائے گی۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق، راؤ نے 12 دسمبر کو صبح 11 بجے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں تفتیشی افسر کے سامنے خودسپردگی کی تھی۔

ایس آئی بی کے ایک معطل ڈی ایس پی سمیت چار پولیس افسران کو مارچ 2024 سے اب تک حیدرآباد پولیس گرفتار کر چکی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ سابقہ بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) حکومت کے دور میں انہوں نے مختلف الیکٹرانک آلات سے خفیہ معلومات مٹائیں اور مبینہ طور پر فون ٹیپنگ میں ملوث رہے۔ بعد ازاں انہیں ضمانت مل گئی تھی۔