نئی دہلی : آواز دی وائس
وقف ترمیمی بل پر سپریم کورٹ کے عبوری فیصلے نے ملک کے مسلم لیڈران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ،درخواست گزاروں نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کی بعض دفعات پر روک لگانے کے سپریم کورٹ کے عبوری حکم کا خیر مقدم کیا۔اس فیصلے کو مسلم لیڈران نے مثبت قرارت دیا ہے لیکن ساتھ ہی اس بات کا زور دیا ہے کہ اب بھی لڑائی جاری ہے ۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پیر کے روز وقف قانون پر حکم امتناع دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اس قانون کے حق میں آئینی حیثیت کا "قیاس" موجود ہے۔ تاہم عدالتِ عظمیٰ نے چند دفعات پر عمل درآمد روک دیا، جن میں وہ دفعہ بھی شامل ہے جس کے تحت صرف وہی شخص وقف قائم کر سکتا تھا جو گزشتہ پانچ برسوں سے اسلام پر عمل پیرا ہو۔چیف جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل بنچ نے عبوری حکم سناتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر دفعہ کو بادی النظر میں پرکھا اور کوئی ایسا معاملہ نہیں پایا کہ جس کی بنیاد پر پورے قانون پر حکم امتناع دیا جائے
درخواست گزاروں کو اطمینان
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور درخواست گزار سید قاسم رسول الیاس نے کہا کہ عدالت نے ان کے اٹھائے گئے کئی نکات، جن میں "وقف بائی یوزر" اور آثار قدیمہ کے تحفظ سے متعلق امور شامل ہیں، کو تسلیم کیا ہے۔الیاس نے سپریم کورٹ کے باہر اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بڑے پیمانے پر ہمارا موقف تسلیم کیا گیا ہے۔ ہمارا ’وقف بائی یوزر‘ والا نکتہ مانا گیا ہے۔ ساتھ ہی ہمارا تحفظ شدہ آثار قدیمہ والا نکتہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ اس پر کوئی تیسرے فریق کا دعویٰ نہیں ہوگا۔ پانچ سال کی ترمیم بھی ختم کردی گئی ہے۔ میں کہنا چاہوں گا کہ مجموعی طور پر ہمارے زیادہ تر نکات قبول ہوئے ہیں اور ہمیں بڑی حد تک اطمینان ہے۔
ایک اور درخواست گزار ایڈووکیٹ انس تنویر نے اس فیصلے کو متوازن قرار دیا اور کہا کہ اسے احتیاط سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ "سپریم کورٹ نے سب سے پہلے یہ پایا کہ کچھ دفعات پر روک کے لیے prima facieکیس بنتا ہے۔ انہوں نے تمام دفعات یا پورے ایکٹ پر روک نہیں لگائی، بلکہ کچھ مخصوص دفعات پر ہی روک لگائی ہے۔ مثال کے طور پر وہ دفعہ کہ کوئی شخص وقف کرنے کے لیے پانچ سال سے مسلمان ہونا لازمی ہے، اس پر روک لگا دی گئی ہے کیونکہ یہ طے کرنے کا کوئی نظام موجود نہیں ہے کہ کوئی شخص پانچ سال سے مسلمان ہے یا نہیں
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے سپریم کورٹ کی جانب سے وقف ترمیمی ایکٹ کی بعض دفعات پر روک لگانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا، ساتھ ہی یہ امید بھی ظاہر کی کہ مقدمے کے حتمی فیصلے میں عرضی گزاروں کو 100 فیصد ریلیف ملے گا۔ مولانا خالد رشید فرنگی
اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے عیدگاہ امام اور اے آئی ایم پی ایل بی کے رکن مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے زور دے کر کہا کہ ان کا مطالبہ یہ تھا کہ "سپریم کورٹ پورے ایکٹ پر روک لگائے"، لیکن عدالت نے ایسا حکم نہیں دیا۔
مولانا نے کہاکہ البتہ عدالت نے کئی دفعات پر روک لگائی ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، جیسے کہ وقف کرنے والے شخص کے لیے کم از کم پانچ سال سے مسلمان ہونے کی شرط کو معطل کردیا گیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سی ای او کا تعلق مسلم کمیونٹی سے ہونا ضروری ہے اور ضلع کلیکٹر کو وقف جائیداد کے فیصلے کا جو اوور رائیڈنگ اختیار دیا گیا تھا، اس پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔مولانا رشید نے مزید کہاکہ دفعہ 3 اور 4 پر روک ایک خوش آئند قدم ہے، اور ہم توقع کرتے ہیں کہ جب حتمی فیصلہ آئے گا تو ہمیں 100 فیصد ریلیف ملے گا۔
کانگریس کے رکن پارلیمان عمران پرتاپ گڑھی نے پیر کو سپریم کورٹ کے وقف (ترمیمی) ایکٹ کی کچھ دفعات پر روک لگانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے حکومت کی "سازش" پر "مکمل روک" لگا دی ہے اور یہ فیصلہ ان لوگوں کے لیے راحت ہے جو اپنی زمینیں چھن جانے کے خوف میں مبتلا تھے۔پرتاپ گڑھی، جو وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے نفاذ پر روک لگانے کی عرضی کے ایک درخواست گزار ہیں، نے یہ ریمارکس اس وقت دیے جب سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے ایکٹ پر مکمل طور پر روک لگانے سے انکار کیا، مگر اس کی کچھ متنازع دفعات پر عبوری طور پر عمل درآمد روک دیا۔
عدالت عظمیٰ نے وقف ایکٹ کی اس دفعہ پر روک لگائی جو ضلع کلیکٹرز کو یہ اختیار دیتی تھی کہ وہ یہ فیصلہ کریں کہ آیا کوئی پراپرٹی وقف ہے یا دراصل حکومت کی ملکیت ہے، اور اس پر حکم صادر کریں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ضلع کلیکٹرز کو شہریوں کے ذاتی حقوق کا فیصلہ کرنے کا اختیار دینا اختیارات کی تقسیم کی خلاف ورزی ہوگی۔سپریم کورٹ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کی اس شق پر بھی روک لگائی جس کے تحت صرف وہی قانونی مالکان وقف بنا سکتے تھے جو کم از کم پانچ برسوں سے اسلام پر عمل پیرا ہوں اور باقاعدہ دستاویز کے ذریعے وقف کریں۔ عدالت نے کہا کہ پانچ برسوں تک مسلمان ہونے کی شرط کا اطلاق تب ہوگا جب ریاستی حکومتیں یہ ضابطے بنائیں گی کہ کسی شخص کے اسلام پر عمل پیرا ہونے کا تعین کس طرح کیا جائے گا۔
اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے پرتاپ گڑھی نے کہایہ واقعی ایک اچھا فیصلہ ہے۔ سپریم کورٹ نے حکومت کی سازش اور اس کے ارادوں پر مکمل روک لگا دی ہے۔ جو لوگ اپنی زمین وقف کرتے تھے وہ خوفزدہ تھے کہ حکومت ان کی زمین ہتھیانے کی کوشش کرے گی۔ یہ ان کے لیے راحت ہے۔ حکومت یہ کیسے طے کرے گی کہ کون پانچ برسوں سے مسلمان ہے؟ یہ ایمان کا معاملہ ہے۔ عدالت نے ان تمام پہلوؤں کو نوٹ کیا۔ ہم یہ لڑائی جاری رکھیں گے۔"
مکمل فیصلے کا انتظار کریئے ۔ طارق انور
پٹنہ میں وقف ترمیمی قانون میں سپریم کورٹ کے حکم پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ طارق انور کا کہنا ہے کہ "فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنا درست نہیں ہوگا۔ جب تک مکمل فیصلہ نہیں آ جاتا، اور ہم نے اسے دیکھا اور پڑھا ہے، اس کے بعد ہی کوئی تبصرہ کرنا مناسب ہوگا۔