نابینا افراد کے حق میں سپریم کورٹ کا اہم حکم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-02-2026
نابینا افراد کے حق میں سپریم کورٹ کا اہم حکم
نابینا افراد کے حق میں سپریم کورٹ کا اہم حکم

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کو ہدایت دی ہے کہ وہ امتحانات میں نابینا اور کمزور بصارت رکھنے والے امیدواروں کے لیے اسکرین ریڈر سافٹ ویئر کی تنصیب اور استعمال سے متعلق مجوزہ لائحہ عمل، ٹائم لائن اور طریقۂ کار پر مبنی عمل درآمدی حلف نامہ داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرے۔

عدالت نے گزشتہ سال 3 دسمبر کو یو پی ایس سی کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنی امتحانی نوٹیفکیشن میں ایسی شق شامل کرے جس کے تحت اہل امیدواروں کو امتحان سے کم از کم سات دن پہلے تک معاون (رائٹر) تبدیل کرنے کی درخواست دینے کی اجازت ہو۔

سپریم کورٹ نے کمیشن کو یہ بھی کہا تھا کہ وہ دو ماہ کے اندر ایک جامع عمل درآمدی حلف نامہ داخل کرے، جس میں واضح طور پر بتایا جائے کہ اس کی جانب سے منعقد کیے جانے والے امتحانات میں بصارت سے محروم امیدواروں کے لیے اسکرین ریڈر سافٹ ویئر کے نفاذ اور استعمال کے لیے کیا منصوبہ بندی، مدت اور عملی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

عدالت نے مزید ہدایت کی تھی کہ حلف نامے میں تمام امتحانی مراکز یا نامزد مراکز پر سافٹ ویئر اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی جانچ، معیار بندی اور تصدیق کے لیے مجوزہ اقدامات کی تفصیل بھی شامل کی جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا جائے کہ آئندہ امتحانی دور سے تمام اہل امیدواروں کو یہ سہولت فراہم کرنا کس حد تک ممکن ہے۔

جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے پیر کے روز اس معاملے کی سماعت کی۔ یو پی ایس سی کی جانب سے پیش وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمیشن عدالتی ہدایات پر مکمل عمل کر رہا ہے اور حلف نامہ داخل کرنے کے لیے صرف ایک ہفتے کی مہلت درکار ہے۔

بنچ نے یو پی ایس سی کو 3 دسمبر کے حکم کے مطابق ایک ہفتے کے اندر عمل درآمدی حلف نامہ داخل کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 23 فروری مقرر کر دی۔ دسمبر 2025 کے اپنے فیصلے میں عدالتِ عظمیٰ نے واضح کیا تھا کہ معذور افراد کو دیے گئے حقوق کسی خیراتی اقدام کا نتیجہ نہیں بلکہ مساوات، وقار اور عدم امتیاز سے متعلق آئینی وعدے کا اظہار ہیں۔ یہ فیصلہ معذور افراد کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ‘مشن ایکسیسبیلٹی’ کی درخواست پر سنایا گیا، جس میں یو پی ایس سی کی سول سروسز امتحان میں رائٹر کے اندراج کی آخری تاریخ میں ترمیم کی استدعا کی گئی تھی۔