سڑک حادثات پر سپریم کورٹ کی اہم ہدایات

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2025
سڑک حادثات پر سپریم کورٹ کی اہم ہدایات
سڑک حادثات پر سپریم کورٹ کی اہم ہدایات

 



نئی دہلی: سڑک کی حفاظت کے سلسلے میں سپریم کورٹ نے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ ہدایات پیدل چلنے والوں کی سلامتی، غلط سمت میں گاڑی چلانے، ہیلمٹ کے استعمال اور ہائی بیم ہیڈ لائٹ جیسے متعدد موضوعات سے متعلق ہیں۔ جسٹس جے بی پاردیوالا اور کے وی وِشوناتھن پر مشتمل بنچ نے منگل (7 اکتوبر 2025) کو یہ ہدایات "آر راج سی کرن بنام حکومتِ ہند" مقدمے میں جاری کیں۔

جج صاحبان نے اپنے فیصلے میں سال 2023 کی سڑک حادثات کی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ملک بھر میں 35 ہزار سے زائد پیدل چلنے والے افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے، جبکہ ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث 54 ہزار سے زیادہ دو پہیہ سوار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عدالت نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس بات کی سنگین علامت ہیں کہ سڑک کی حفاظت پر فوری توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔

تمام ریاستی حکومتیں اور متعلقہ سرکاری ادارے چھ ماہ کے اندر عوامی سڑکوں اور قومی شاہراہوں پر پیدل چلنے والوں اور غیر موٹر گاڑیوں (جیسے سائیکل اور ہاتھ گاڑی) کی آمد و رفت کے لیے قواعد و ضوابط تیار کریں۔ پچاس بڑے شہروں میں فٹ پاتھوں کا آڈٹ کیا جائے۔ ابتدا اُن علاقوں سے ہو جہاں زیادہ بھیڑ بھاڑ ہے، جیسے بازار، ریلوے اسٹیشن اور تعلیمی اداروں کے آس پاس۔

فٹ پاتھ کی چوڑائی اور قبضہ مافیا کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے، تجاوزات ختم کیے جائیں اور باقاعدہ نگرانی کا نظام بنایا جائے۔ تمام پیدل پار پاتھ (Pedestrian Crossings) کا معائنہ کیا جائے کہ آیا وہ مقررہ معیار کے مطابق ہیں یا نہیں۔ جہاں ضرورت ہو وہاں فٹ اوور برج اور انڈر پاس کی دیکھ بھال کی جائے۔ ساتھ ہی ایک آن لائن شکایت کا نظام قائم کیا جائے تاکہ عوام سڑکوں سے متعلق شکایات درج کر سکیں۔

دو پہیہ گاڑی کے ڈرائیور اور سواری دونوں کے لیے ہیلمٹ پہننے کا قانون سختی سے نافذ کیا جائے۔ کیمرے کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کی شناخت کی جائے اور اُن پر چالان، جرمانہ یا لائسنس معطلی جیسے اقدامات کیے جائیں۔ غلط سمت یا غلط لین میں ڈرائیونگ اور خطرناک اوور ٹیکنگ پر سختی کی جائے۔ رنگین لین مارکنگ، رمبل اسٹرپ اور ٹائر کلر جیسے حفاظتی اقدامات اختیار کیے جائیں تاکہ کوئی بھی گاڑی غلط سمت میں نہ چل سکے۔

کیمروں کی مدد سے نگرانی اور جرمانے کا نظام نافذ کیا جائے۔ ہائی بیم ہیڈ لائٹس، غیر قانونی سرخ یا نیلی اسٹروب لائٹس اور ہوٹرز پر مکمل پابندی لگائی جائے۔ گاڑیوں کے ہیڈ لائٹ کی زیادہ سے زیادہ روشنی اور بیم کا زاویہ طے کیا جائے۔ فٹنس اور پی یو سی (PUC) چیک کے دوران ان چیزوں کی بھی جانچ کی جائے۔

عدالت نے واضح کیا کہ یہ مقدمہ ختم نہیں کیا جا رہا۔ سات ماہ بعد دوبارہ سماعت ہوگی۔ تب تک ریاستی حکومتیں، این ایچ اے آئی (NHAI) اور دیگر متعلقہ ادارے ان ہدایات پر عمل درآمد کی تیاری کریں اور عدالت میں اپنی رپورٹ پیش کریں۔