بار ایسوسی ایشن کی درخواست پر سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-06-2025
بار ایسوسی ایشن کی درخواست پر سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ
بار ایسوسی ایشن کی درخواست پر سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ انتظامیہ نے ہفتے کو کہا کہ بار تنظیموں سے موصول درخواستوں کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل عدالت (فل کورٹ) نے عدالت کے کمرہ نمبر ایک سے پانچ کے سامنے لگے ہوئے شیشے کے پینل کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ مکمل عدالت نے شیشے کے پینل کو ہٹانے کے معاملے میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سپریم کورٹ ایڈووکیٹس آن ریکارڈ ایسوسی ایشن سے موصول یادداشتوں پر غور کیا۔ بیان میں کہا گیا ’’اصل جلال و وقار، نظارے کی دستیابی، جمالیاتی پہلو اور عدالت کے کمروں تک رسائی جیسے مختلف مسائل پر بغور غور و خوض کے بعد مکمل عدالت نے شیشے کے پینل کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔

گزشتہ سال دسمبر میں، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اس وقت کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ سے ایئر کنڈیشننگ کے لیے لگائے گئے شیشے کے پینل کو ہٹانے اور تاریخی اہمیت کی حامل عمارت کی راہداریوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کرنے کی درخواست کی تھی۔

اس وقت کے چیف جسٹس کو لکھے گئے ایک خط میں ایس سی بی اے نے کہا تھا کہ ’’ایئر کنڈیشننگ کے لیے لگائے گئے شیشے کے پینل کی وجہ سے راہداری میں کافی جگہ کم ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے خاص طور پر مصروف اوقات میں بار ممبران، رجسٹرڈ کلرکوں، ٹرینی وکلا اور فریقین کو آمد و رفت میں دشواری ہوتی ہے‘‘۔

خط میں یہ بھی کہا گیا تھا ’’ہم سپریم کورٹ کی تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھنے کے لیے شیشے کے پینل کو ہٹانے اور راہداری کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے کی درخواست کرتے ہیں‘‘۔