سپریم کورٹ نے واٹس ایپ صارفین کے ڈیٹا شیئر کرنے پر میٹا کی سرزنش کی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-02-2026
سپریم کورٹ نے واٹس ایپ صارفین کے ڈیٹا شیئر کرنے پر میٹا کی سرزنش کی
سپریم کورٹ نے واٹس ایپ صارفین کے ڈیٹا شیئر کرنے پر میٹا کی سرزنش کی

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے واٹس ایپ صارفین کے ڈیٹا شیئر کرنے پر میٹا کو سخت سرزنش کی ہے۔ 3 فروری 2026 کو سپریم کورٹ نے کہا، "ہم صارفین کی معلومات کے تجارتی استعمال کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ عدالت عام لوگوں کے لیے ہے، اربوں کروڑوں کی کسی بین الاقوامی کمپنی کے لیے نہیں۔ شہریوں کی پرائیویسی ایک بنیادی حق ہے۔

چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے میٹا سے سخت لہجے میں سوال کیا، آپ کہتے ہیں کہ جو صارف ڈیٹا شیئرنگ کے لیے تیار نہیں ہے، اسے آپٹ آؤٹ (کسی چیز میں شامل نہ ہونے) کا اختیار دیں گے۔ لیکن کیا سڑک کنارے پھل بیچنے والی عورت آپ کی شرائط کو سمجھ پائے گی؟ آپ کی شرائط اتنی مشکل زبان میں لکھی گئی ہیں کہ شاید ہم بھی انہیں پوری طرح نہ سمجھ سکیں۔ یہ ایک طرح کی چوری ہے۔ ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا کہ صارفین کو ایسے ایپس کا عادی بنا دیا گیا ہے اور اب ان کی مجبوری کا غلط فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ لوگوں کے ڈیٹا کو تجارتی فائدے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور اب تک لاکھوں صارفین کے ڈیٹا کا غلط استعمال ہو چکا ہے۔

اس دوران میٹا کے وکیل اکھیل سبل نے دلیل دی کہ تجارتی مقاصد کے لیے محدود ڈیٹا شیئرنگ کی اجازت ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا،اگر آپ کو ڈیٹا کا کوئی حصہ بیچنے کے قابل لگا، تو آپ اسے بیچ دیں گے۔ صرف اس لیے کہ بھارتی صارف خاموش ہیں اور ان کے پاس آواز نہیں ہے۔ آپ انہیں شکار نہیں بنا سکتے۔