کشمیری ہندوؤں کو سرکاری نوکریوں میں عمر کی حد میں رعایت دینے کی مانگ، سپریم کورٹ نے نہیں سنی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-09-2025
کشمیری ہندوؤں کو سرکاری نوکریوں میں عمر کی حد میں رعایت دینے کی مانگ، سپریم کورٹ نے نہیں سنی
کشمیری ہندوؤں کو سرکاری نوکریوں میں عمر کی حد میں رعایت دینے کی مانگ، سپریم کورٹ نے نہیں سنی

 



نئی دہلی:1990 میں ہوئی پرتشدد واردات کے سبب بے گھر ہوئے کشمیری ہندوؤں کو سرکاری نوکریوں میں عمر کی حد میں رعایت دینے کی مانگ سپریم کورٹ نے نہیں سنی۔ عدالت نے کہا کہ یہ ایک پالیسی معاملہ ہے اور اس میں وہ مداخلت نہیں کرے گی۔

’پنون کشمیر ٹرسٹ‘ نامی تنظیم کی عرضی میں کہا گیا تھا کہ 1984 کے سکھ مخالف فسادات اور 2002 کے گجرات فسادات کے متاثرین کو ایسی رعایت دی گئی ہے، لیکن کشمیری ہندوؤں کو اب تک اس سے محروم رکھا گیا ہے۔ پنون کشمیر نے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ میں مفادِ عامہ کی عرضی دائر کی تھی۔

اس عرضی میں 1990 میں بے گھر ہوئے کشمیری ہندوؤں کو مرکزی حکومت کی گروپ C اور D نوکریوں میں عمر کی حد میں چھوٹ دینے کی مانگ کی گئی تھی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ نے معاملہ سننے سے انکار کر دیا۔ جنوری 1990 میں وادی سے ہوئے جلاوطنی اور جبری ہجرت کا ذکر کرتے ہوئے عرضی میں کہا گیا تھا کہ پچھلے تین دہائیوں سے کشمیری ہندو برادری اپنے بنیادی حقوق سے محروم رہی ہے۔

اس کی نئی نسل نے پناہ گزین کیمپوں اور عارضی بستیوں میں زندگی گزاری ہے۔ عمر کی حد سے متعلق سخت پالیسی کی وجہ سے انہیں روزگار حاصل کرنے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عرضی میں دلیل دی گئی تھی کہ کشمیری ہندوؤں کو عمر میں رعایت نہ دینا "متعصبانہ امتیاز" کو ظاہر کرتا ہے۔

آئین میں شہریوں کو مساوات، انصاف اور وقار کا حق دیا گیا ہے۔ اس طرح کا امتیاز ان بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ کشمیری ہندوؤں کی تکالیف کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں آئینی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔ عرضی میں مرکزی حکومت کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کو بھی فریق بنایا گیا تھا۔