نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو مبلغ آسارام کے بیٹے نارائن سائیں کو 2013 کے عصمت دری کے معاملے میں سنائی گئی عمر قید کی سزا معطل کرنے سے انکار کر دیا۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے کی بنچ نے، تاہم، گجرات ہائی کورٹ سے کہا کہ وہ سائیں کی سزا کے خلاف دائر اپیل پر تین ماہ کے اندر فیصلہ کرنے کی کوشش کرے۔
بنچ نے کہا، ’’ہم ہائی کورٹ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ تین ماہ کی مدت کے اندر اپیل کا فیصلہ کرنے کی کوشش کرے۔ ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ درخواست گزار اور ریاست، دونوں اس معاملے میں تعاون کریں گے۔‘‘ سائیں کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل این ہری ہرن نے کہا کہ اپیل پر جلد فیصلہ کرنے کی درخواست کے باوجود ابھی تک اس پر سماعت نہیں ہوئی ہے۔
سپریم کورٹ نے سائیں کو یہ آزادی دی کہ اگر تین ماہ کے اندر اس کی اپیل پر فیصلہ نہیں ہوتا تو وہ دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔ سورت کی ایک عدالت سے سزایافتہ ہونے کے خلاف سائیں کی اپیل گجرات ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔ ہائی کورٹ نے 4 مئی کے اپنے حکم میں سائیں کی سزا معطل کرنے اور ضمانت دینے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بادی النظر میں یہ نتیجہ نکالنا مشکل ہے کہ اپیل کنندہ کے اپیلیٹ عدالت سے بری ہونے کے خاطر خواہ امکانات ہیں۔ ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ سائیں تقریباً 11 سال جیل میں گزار چکا ہے، لیکن 2019 سے اپنی سزا کے خلاف اپیل کی حتمی سماعت میں اس نے تعاون نہیں کیا۔
عدالت کے مطابق، اس نے کئی مرتبہ عارضی یا مستقل ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کی اور کارروائی میں تاخیر کے لیے مختلف طریقے اختیار کیے۔ سورت کی ایک عدالت نے اپریل 2019 میں سائیں کو اس کی ایک سابق خاتون پیروکار کی جانب سے 2013 میں درج کرائے گئے عصمت دری کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
عدالت نے اسے تعزیرات ہند کی دفعات 376، 377، 323، 506(2) اور 120-بی کے تحت قصوروار قرار دیا تھا۔ اس کے ساتھیوں دھرمشٹھا عرف گنگا، بھاونا عرف جمنا اور پون عرف ہنومان کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ نارائن سائیں کے والد آسارام کو بھی عصمت دری کے دو الگ الگ مقدمات میں قصوروار قرار دیا جا چکا ہے۔