کرناٹک کے ریاستی گیت کے معاملے میں ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت سے سپریم کورٹ کا انکار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2026
کرناٹک کے ریاستی گیت کے معاملے میں ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت سے سپریم کورٹ کا انکار
کرناٹک کے ریاستی گیت کے معاملے میں ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت سے سپریم کورٹ کا انکار

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے اس حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس میں ریاستی گیت ’جئے بھارت جننیا تنوجاتے‘ کو مخصوص دھن اور مقررہ وقت کے اندر گانے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا تھا۔ جسٹس بی وی ناگ رتنا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے گلوکار کِکّیری کرشن مورتی کی عرضی خارج کر دی۔

کرشن مورتی نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں ریاستی حکومت کے 25 ستمبر 2022 کے حکم کو منسوخ کرنے سے انکار کیا گیا تھا۔ ریاستی حکومت کے حکم میں ’ناد گیتے‘ کو میسور اننت سوامی کی تیار کردہ دھن میں ڈھائی منٹ کے اندر گانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ریاستی گیت گانے میں یکسانیت ضروری ہے، چاہے معاملہ راگ کا ہو یا گانے کے دورانیے کا۔

بنچ نے عرضی خارج کرتے ہوئے کہا، ’’ہم سمجھتے ہیں کہ ریاستی گیت کی ادائیگی میں راگ اور گانے کے دورانیے، دونوں کے معاملے میں یکسانیت ہونی چاہیے۔ ایسی صورت میں ہمیں اس حکم میں مداخلت کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔‘‘ کرشن مورتی کی جانب سے سینئر وکیل موہن وی کٹارکی پیش ہوئے

۔ 5 جنوری 2026 کو اپنے فیصلے میں کرناٹک ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت ریاستی گیت کے لیے راگ مقرر کرنے کا اختیار رکھتی ہے، خاص طور پر اس صورت میں جب اسے کسی ماہر نے تیار کیا ہو۔ ہائی کورٹ نے اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا تھا کہ حکومت کی یہ ہدایت درخواست گزار کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے کرشن مورتی کی اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا تھا کہ ریاست یہ طے نہیں کر سکتی کہ ریاستی گیت کس راگ میں گایا جائے۔ عدالت نے اس دلیل کو غلط قرار دیا تھا۔