نئی دہلی: سپریم کورٹ آف انڈیا نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنت بسوا شرما کی اہلیہ کے خلاف الزامات لگانے کے معاملے میں کانگریس رہنما پون کھیڑا کی درخواست پر جمعہ کو سماعت سے انکار کر دیا۔ اس درخواست میں انہوں نے 20 اپریل تک ممکنہ قانونی کارروائی سے تحفظ دینے کی اپیل کی تھی۔
عدالت نے کھیڑا کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے میں پیشگی ضمانت کے لیے آسام کی متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔ کھیڑا نے 5 اپریل کو ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی اہلیہ رنکی بھویان شرما کے پاس متعدد پاسپورٹ اور بیرون ملک جائیدادیں ہیں، جن کا ذکر وزیر اعلیٰ نے 9 اپریل کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے داخل اپنے انتخابی حلف نامے میں نہیں کیا۔
وزیر اعلیٰ اور ان کی اہلیہ نے ان الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا تھا۔ جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس اتل ایس چندورکر پر مشتمل بنچ نے کھیڑا کی جانب سے پیش سینئر وکیل ابھیشیک سنگھوی کے دلائل پر غور کیا۔ عدالت نے آسام کی اس عدالت سے، جو اس درخواست کی سماعت کرے گی، کہا کہ اگر اس معاملے میں سپریم کورٹ یا تلنگانہ ہائی کورٹ کی کوئی منفی رائے ہو تو اسے مدنظر نہ رکھا جائے۔
بنچ نے آسام کی عدالتوں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ کھیڑا کی درخواست پر جلد سماعت کریں۔ سپریم کورٹ نے 15 اپریل کو تلنگانہ ہائی کورٹ کے اس حکم پر بھی روک لگا دی تھی، جس میں کھیڑا کو ایک ہفتے کی عبوری پیشگی ضمانت دی گئی تھی۔
آسام حکومت کی جانب سے پیش سالیسٹر جنرل تشَر مہتا نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ دائرہ اختیار کا معاملہ ہے اور کھیڑا کی درخواست میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انہوں نے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع کیوں کیا۔ کھیڑا کے خلاف گوہاٹی کرائم برانچ تھانے میں بھارتی نیائے سنہتا کی دفعہ 175 (انتخابات سے متعلق جھوٹا بیان)، دفعہ 35 (جسم اور جائیداد کے نجی دفاع کا حق) اور دفعہ 318 (دھوکہ دہی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔