سپریم کورٹ نے جگن ناتھ فلم پر پابندی سے انکار کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 29-07-2026
سپریم کورٹ نے جگن ناتھ فلم پر پابندی سے انکار کیا
سپریم کورٹ نے جگن ناتھ فلم پر پابندی سے انکار کیا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز اڈیشہ حکومت کی وہ درخواست مسترد کر دی، جس میں "مہاپربھو جگن ناتھ" نامی اینیمیٹڈ فلم کی نمائش پر روک لگانے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے کہا کہ اینیمیشن بچوں کے لیے فن کا ایک جدید ذریعہ ہے اور اس طرح کی درخواستوں کی بنیاد پر اس کی نمائش نہیں روکی جا سکتی۔

جسٹس بی وی ناگارتنا اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بنچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فلم کی نمائش کی اجازت دینے سے متعلق اپنے سابقہ حکم میں ترمیم کرنے سے انکار کر دیا۔ بنچ نے ریمارکس دیے، "ملک میں تخلیقی صلاحیت موجود ہے۔ اینیمیشن بچوں کے لیے ہے۔ آج کل لوگ کتابیں نہیں پڑھتے، اس لیے ایسی چیزیں فن کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔

" اڈیشہ حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بھگوان جگن ناتھ کی تصویر کشی پر بعض حلقوں کے اعتراضات کے باعث فلم کی نمائش سے امن و قانون کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے جگن ناتھ یاترا کی تقریبات ختم ہونے کے بعد 28 جولائی یا اس کے بعد اس اینیمیٹڈ فلم کی ملک گیر نمائش کی اجازت دی تھی۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ یہ اینیمیٹڈ فلم پہلے ہی یوٹیوب پر ایک ویب سیریز کی صورت میں پیش کی جا چکی ہے اور مرکزی فلم سرٹیفکیشن بورڈ (سی بی ایف سی) بھی اس کی نمائش کی منظوری دے چکا ہے۔