نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو ملک بھر میں 20 سے 25 جولائی کے درمیان ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (کاجپا) کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شامل طلبہ کے خلاف درج تمام ایف آئی آر منسوخ کر دیں۔ اس کے بعد کاجپا نے قومی دارالحکومت میں 5 ستمبر کو ہونے والے مجوزہ مارچ کو منسوخ کر دیا۔
چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے مرکزی حکومت کو یہ بھی ہدایت دی کہ قومی اہلیت و داخلہ امتحان (نیٹ) کے پرچۂ سوالات لیک ہونے کی وجہ سے اپنی جان گنوانے والے طلبہ کے اہل خانہ کو تین ماہ کے اندر معاوضہ دیا جائے۔ مظاہرین کے خلاف فوجداری کارروائی ختم کرتے ہوئے بنچ نے کہا، ’’نوجوان مظاہرین کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم مکمل انصاف فراہم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہیں۔‘‘ آرٹیکل 142 سپریم کورٹ کو مکمل انصاف کے لیے کوئی بھی حکم جاری کرنے کا اختیار دیتا ہے۔
تاہم، مرکزی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے دہلی پولیس کو جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج میں شامل سنگین مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے 2,873 افراد کے خلاف نئی ایف آئی آر درج کرنے کی اجازت دے دی۔ بنچ میں جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی. موہنا بھی شامل تھے۔ بنچ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کے دلائل پر غور کرتے ہوئے اپنے حکم کا دائرہ وسیع کر دیا۔ عدالت نے کہا، ’’اگر 20 جولائی سے 25 جولائی کے درمیان اسی احتجاج کے سلسلے میں کسی ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کوئی اور ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جو اس عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئی، تو اس پر مزید کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی اور اسے ختم سمجھا جائے گا۔‘
‘ خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کے معاملے میں عدالت نے مرکزی حکومت کو اس سلسلے میں پورے ملک کے لیے ایک پالیسی بنانے اور متاثرہ خاندانوں کو تین ماہ کے اندر رقم ادا کرنے کی ہدایت دی۔ کاجپا کے شریک کنوینر سورَو داس عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور تنظیم کی جانب سے ایک بیان پڑھ کر سنایا۔
داس نے کہا، ’’کاجپا کے شریک کنوینر کی حیثیت سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ حکومت ہند کی جانب سے دی گئی مثبت یقین دہانیوں اور آج انہیں حاصل ہونے والی عدالتی منظوری کو دیکھتے ہوئے، اور اس عدالت کے حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے، کاجپا 5 ستمبر کو مارچ نکالنے کی اپنی اپیل واپس لینا مناسب سمجھتی ہے اور امید کرتی ہے کہ آج کے حکم پر عمل کیا جائے گا۔ میں اس فیصلے کے لیے عدالت اور دونوں فریقوں کے وکلا، ورندا گروور اور سالیسٹر جنرل، کا بھی ان کی کوششوں کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ بنچ نے سالیسٹر جنرل اور داس کے بیانات کو ریکارڈ پر لیا اور کہا کہ معاملے کے مخصوص حقائق اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس نے اپنے غیر معمولی اختیارات کا استعمال کیا ہے۔
بنچ نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق اپنے وعدوں پر عمل کریں گے۔ سماعت کے دوران مہتا نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی حکومت کاجپا کو دی گئی ان یقین دہانیوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے، جن کے تحت دہلی اور دیگر ریاستوں کی پولیس احتجاج کے سلسلے میں درج ایف آئی آر پر مزید کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔
سالیسٹر جنرل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ حکومت ہند دیگر یقین دہانیوں کو پورا کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے، جن میں متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینا بھی شامل ہے۔ تاہم، مہتا نے ضروری طریقۂ کار طے کرنے کے لیے وقت طلب کیا۔ کاجپا نے 5 ستمبر، یعنی یومِ اساتذہ کے موقع پر دہلی میں احتجاجی مارچ کا اعلان کیا تھا۔ تنظیم نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ 25 جولائی کو کیے گئے ان وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، جن کے تحت تنظیم کو امتحانات میں بے ضابطگیوں اور نیٹ پرچۂ سوالات لیک ہونے کے خلاف اپنی 36 روزہ تحریک واپس لینے کے لیے آمادہ کیا گیا تھا۔