سپریم کورٹ نے دہلی دھماکے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2025
سپریم کورٹ نے دہلی دھماکے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا
سپریم کورٹ نے دہلی دھماکے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز لال قلعہ کے قریب ہوئے کار دھماکے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قانون کی بالادستی برقرار رکھنے اور انصاف کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیر کی شام ایک ٹریفک سگنل پر آہستہ چل رہی کار میں زوردار دھماکہ ہوا، جس میں 12 افراد ہلاک اور متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

بھارت کے چیف جسٹس بی۔ آر۔ گووئی نے سینئر وکلاء شرت ایس۔ جاوالی اور جگدیش چندر گپتا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے بلائی گئی فل کورٹ میٹنگ کے دوران پیر کو ہوئے اس دھماکے کا خصوصی ذکر کیا۔ چیف جسٹس نے کہا، “ہم سب 10 نومبر 2025 کی شام دہلی میں ہوئے کار دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں۔

بھارت کی سپریم کورٹ اور پورے عدالتی و قانونی برادری کی جانب سے میں اُن تمام خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس المناک سانحے میں اپنے عزیزوں کو کھو دیا۔” چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کی ہمدردیاں اور دعائیں تمام متاثرین، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، “کوئی بھی الفاظ اس نقصان سے ہونے والے درد کو کم نہیں کر سکتے، لیکن ہمیں امید ہے کہ قوم کی اجتماعی ہمدردی اور یکجہتی غم کی اس گھڑی میں کچھ تسلی فراہم کرے گی۔” چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی سے کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا، “ہم قانون کی بالادستی کو قائم رکھنے، انصاف کو یقینی بنانے اور ہر شہری کی عزت و وقار کے تحفظ کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اللہ مرحومین کی روحوں کو سکون عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابلِ تلافی نقصان پر صبر و حوصلہ دے۔”