سپریم کورٹ:آکسیجن بحران پرنیشنل ٹاسک فورس کی تشکیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-05-2021
ایک اہم قدم
ایک اہم قدم

 

 

 آواز دی وائس ۔ نئی دہلی

کورونا کی دوسری لہر کے دوران ملک میں ہاہا کار ہے۔ اس بحران میں کئی مرتبہ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا ۔کئی بار سپریم کورٹ نے مداخلت کی ۔اب ایک بار پھر آکسیجن کی تقسیم کو بہتر بنانے کے لئے سپریم کورٹ نے ایک نیشنل ٹاسک فورس تشکیل دیا ہے۔ 12 رکنی ٹاسک فورس ضروری دواؤں کی دستیابی اور کووڈ سے نمٹنے کی مستقبل کی تیاریوں پر بھی مشورہ دے گا۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے مرکز سے مل رہے آکسیجن پر ریاستوں کی جوابدہی طے کرنے کی بھی ضرورت بتائی ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ ریاستوں کی طلب اور وہاں کے نظامِ تقسیم کے اندازہ کے لیے ہر ریاست کا آکسیجن آڈٹ کروایا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 6 مئی کو آکسیجن کی کمی معاملہ پر ہوئی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور ایم آر شاہ کی بنچ نے مانا تھا کہ اس وقت ہر ریاست کی آکسیجن کی ضرورت کا اندازہ جس طریقے سے کیا جا رہا ہے، وہ سائنسی نہیں ہے۔

عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ آکسیجن کو ریاستوں تک پہنچانے سے لے کر ریاست کے اندر آکسیجن کی تقسیم کے نظام میں خامیاں ہیں۔ اسی وجہ سے ضرورت مندوں تک آکسیجن نہیں پہنچ پا رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ کورٹ نے اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ کورونا سے مستقبل میں بہترین طریقے سے نمٹنے کے لیے ابھی سے تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔

awazurdu

بہر حال، سپریم کورٹ نے آج جاری حکم میں 12 رکنی نیشنل ٹاسک فورس کی تشکیل کے بارے میں بتایا۔ اس ٹاسک فورس کے کنوینر کابینہ سکریٹری یا ان کی طرف سے نامزد افسر ہوں گے۔ مرکزی صحت سکریٹری بھی اس کے رکن ہوں گے۔ ملک کے مشہور و معروف ڈاکٹروں کو ٹاسک فورس میں شامل کیا گیا ہے۔ ان ڈاکٹروں کے نام ہیں ڈاکٹر بھبتوش بسواس، ڈاکٹر دیویندر سنگھ رانا، ڈاکٹر دیوی پرساد شیٹی، ڈاکٹر گگن دیپ کنگ، ڈاکٹر جے وی پیٹر، ڈاکٹر نرین تریہن، ڈاکٹر راہل پنڈت، ڈاکٹر سومتر راوت، ڈاکٹر شیو کمار سرین اور ڈاکٹر ضریر ایف اڈاواڈیا۔