سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2025
سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا
سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا

 



نئی دہلی:سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت اور ریاستی الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ 31 جنوری 2026 تک ریاست میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرائیں۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوی مالیا باگچی کی بنچ نے ریاستی حکام کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ اس سال 10 اکتوبر تک ریاست میں حد بندی (delimitation) کا عمل مکمل کریں۔

عدالت عظمیٰ نے اس بات پر بھی ناراضگی ظاہر کی کہ 6 مئی کو جاری اپنے مفصل حکم کے باوجود ریاستی الیکشن کمیشن بروقت کارروائی کرنے میں ناکام رہا۔ اس سے قبل جاری عبوری حکم میں کہا گیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کی نوٹیفکیشن چار ہفتوں کے اندر جاری کی جائے اور انتخابات چار ماہ کے اندر کرا لیے جائیں۔

تاہم، عدالت نے اب نیا ٹائم ٹیبل طے کرتے ہوئے مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے مزید مہلت دی ہے، لیکن یہ بھی واضح کر دیا کہ اس سلسلے میں آئندہ کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔ 2022 میں جوں کی توں حالت برقرار رکھنے کی ہدایت 22 اگست 2022 کو سپریم کورٹ نے ریاستی الیکشن کمیشن اور مہاراشٹر حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے عمل میں جوں کی توں حالت (status quo) برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے پہلے مہاراشٹر حکومت نے عدالت عظمیٰ میں عرضی دائر کی تھی۔ اس میں عدالت کے اس حکم کو واپس لینے کی مانگ کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ نئی ریزرویشن پالیسی ان 367 بلدیاتی اداروں پر لاگو نہیں ہوگی جہاں انتخابی عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ بعد میں حکومت نے عدالت سے یا تو حکم واپس لینے یا اس میں ترمیم کی درخواست کی تھی۔

الیکشن کمیشن کو دی تھی وارننگ 28 جولائی 2022 کو سپریم کورٹ نے ریاستی الیکشن کمیشن کو متنبہ کیا تھا کہ اگر اس نے بلدیاتی اداروں کے انتخابات کا عمل دوبارہ نوٹیفائی کیا تو اس کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے پہلے ریاستی حکومت نے ایک آرڈیننس لا کر بلدیاتی انتخابات میں دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کو 27 فیصد ریزرویشن دینے کی کوشش کی تھی۔ 2021 کا سپریم کورٹ کا فیصلہ دسمبر 2021 میں بھی سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا تھا کہ بلدیاتی اداروں میں او بی سی کو ریزرویشن کی اجازت تب تک نہیں دی جا سکتی جب تک کہ حکومت عدالت عظمیٰ کے 2010 کے حکم میں طے کیے گئے ’’ٹرپل ٹیسٹ‘‘ کو پورا نہ کرے۔ عدالت نے کہا تھا کہ جب تک ٹرپل ٹیسٹ کے معیار پر عمل نہیں کیا جاتا، تب تک او بی سی کی نشستوں کو عام زمرے کی نشستوں کے طور پر نوٹیفائی کیا جائے۔

ٹرپل ٹیسٹ کے تحت ریاستی حکومت کو ہر بلدیاتی ادارے میں او بی سی کی پسماندگی پر ڈیٹا جمع کرنا ہوگا، کمیشن کی سفارشات کے مطابق ہر بلدیاتی ادارے میں ریزرویشن کا تناسب طے کرنا ہوگا اور ایک خصوصی کمیشن قائم کرنا ہوگا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایس سی/ایس ٹی/او بی سی کے لیے مختص کل نشستیں 50 فیصد سے زیادہ نہ ہوں۔