نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز بانکے بہاری مندر (متھرا، اتر پردیش) سے متعلق ایک اہم سماعت کے دوران کہا کہ وہ جلد ہی ایک نئی عبوری کمیٹی کے قیام کا حکم جاری کرے گا، تاکہ مندر کے انتظامات کو سنبھالا جا سکے۔ عدالت نے کہا کہ وہ اتر پردیش حکومت کے جاری کردہ ’بانکے بہاری جی مندر ٹرسٹ آرڈیننس‘ کے تحت تشکیل دی گئی موجودہ کمیٹی کو عارضی طور پر معطل کر رہی ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ جب تک آرڈیننس کی آئینی حیثیت کا فیصلہ نہیں ہو جاتا، تب تک مندر کے انتظام کے لیے ایک نئی کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کی سربراہی الہ آباد ہائی کورٹ کے ایک سابق جج کریں گے۔ اس کمیٹی میں: ریاستی حکومت کے افسران ، مندر کے روایتی محافظ یعنی گو سوامی طبقے کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، تاکہ شفاف اور متوازن طریقے سے مندر کے انتظامات چلائے جا سکیں۔
جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جوئی مالیا بگچی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ وہ درخواست گزاروں کو یہ ہدایت دیں گے کہ اگر وہ آرڈیننس کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں تو وہ ہائی کورٹ کا رخ کریں۔ اس دوران، سپریم کورٹ نے آرڈیننس کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت عرضی پر بھی عارضی روک لگا دی ہے اور یہ معاملہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ کو سونپنے کی سفارش کی ہے۔
بانکے بہاری مندر کا تنازعہ کافی پرانا ہے، جو بنیادی طور پر مندر کے سیوایتوں (خدام) کے دو الگ الگ گروہوں کے درمیان ہے۔ تقریباً 360 سیوایتوں والا یہ مندر تاریخی طور پر سوامی ہری داس جی کے گو سوامی خاندان کے افراد اور ان کے پیروکاروں کے ذریعے چلایا جاتا رہا ہے۔ 2023 میں الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک حکم دیا تھا، جس میں حکومت کو مندر کے اردگرد کی 5 ایکڑ زمین کے حصول اور کورریڈور کی تعمیر کی اجازت دی گئی تھی۔
تاہم، عدالت نے یہ شرط رکھی تھی کہ زمین مندر کے دیوتا کے نام پر رجسٹرڈ کی جائے گی۔ حال ہی میں اتر پردیش حکومت نے 2025 میں ایک آرڈیننس جاری کیا، جس کے مطابق: مندر کے نظم و نسق اور زائرین کی سہولیات کی نگرانی ’شری بانکے بہاری جی مندر ٹرسٹ‘ کرے گا۔ اس ٹرسٹ میں 11 نامزد ٹرسٹی ہوں گے، جب کہ زیادہ سے زیادہ 7 سرکاری ارکان بطور عہدے دار شامل کیے جا سکتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ کل یعنی ہفتے کے دن اس سلسلے میں تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جائے گا۔