سپریم کورٹ کا معذور شخص کو 25 لاکھ معاوضے کا حکم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2026
سپریم کورٹ کا معذور شخص کو 25 لاکھ معاوضے کا حکم
سپریم کورٹ کا معذور شخص کو 25 لاکھ معاوضے کا حکم

 



نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ نے تقریباً 19 سال قبل بنگلورو میں پیش آنے والے ایک حادثے میں مستقل طور پر مفلوج ہونے والے شخص کو بڑی راحت دیتے ہوئے 25 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایک آٹو رکشہ پر درخت کی شاخ گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں متاثرہ شخص فالج کا شکار ہو گیا تھا۔

عدالتِ عظمیٰ نے اپنے اہم فیصلے میں واضح کیا کہ ایسے معاملات میں موٹر وہیکل ایکٹ (ایم وی اے) کی دفعہ 166 کے تحت، خصوصاً کسی بلدیاتی ادارے کے خلاف، معاوضے کا دعویٰ دائر نہیں کیا جا سکتا۔ یہ دفعہ عام طور پر سڑک حادثات کے متاثرین یا ان کے قانونی نمائندوں کو قصوروار ڈرائیور یا گاڑی کے مالک کی غفلت ثابت کرکے معاوضہ حاصل کرنے کا حق دیتی ہے۔

جسٹس سنجے کرول اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ پر مشتمل بنچ نے تسلیم کیا کہ موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت اس نوعیت کا دعویٰ قابلِ سماعت نہیں تھا، تاہم آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت حاصل خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے متاثرہ شخص کے لیے معاوضے کی رقم 17 لاکھ 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دی، جس کے ساتھ سود بھی ادا کیا جائے گا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جس شخص کو ایسی شدید چوٹیں آئی ہوں جنہوں نے اس کی پوری زندگی بدل کر رکھ دی ہو، اسے بے سہارا چھوڑ دینا انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔ سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے پہلے مقرر کیا گیا معاوضہ ناکافی تھا، اس لیے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے معاوضے میں اضافہ ضروری تھا۔