نئی دہلی: سپریم کورٹ آف انڈیا نے خواتین کے تحفظ اور عدالتی نظام میں صنفی حساسیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے داخلی شکایتی کمیٹی (Internal Complaints Committee) کو ازسرِ نو تشکیل دے دیا ہے۔ یہ کمیٹی خواتین کے جنسی استحصال کی روک تھام، ممانعت اور ازالہ سے متعلق ضابطوں کے تحت کام کرے گی۔
چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس بھوشن رامکرشنا گَوئی کے حکم پر کی گئی اس تشکیل نو کا مقصد خواتین کو ایک محفوظ، باوقار اور منصفانہ ماحول فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عدلیہ میں صنفی حساسیت کے معاملات پر بارہا سوال اٹھتے رہے ہیں۔
سپریم کورٹ کے جاری کردہ دفتر کے حکم نامے کے مطابق، یہ اقدام خواتین کے جنسی استحصال (روک تھام، ممانعت اور ازالہ) ضابطہ 2013 کی دفعہ 4(2) کے تحت کیا گیا ہے۔ نئی 12 رکنی کمیٹی کی سربراہی سپریم کورٹ کی سینئر خاتون جج، جسٹس بی وی ناگرَتنا کریں گی، جنہیں عدلیہ میں صنفی مساوات کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
ان کے ساتھ کمیٹی میں جسٹس این. کوٹیشور سنگھ، رجسٹرار سجاتا سنگھ، سینئر وکیل مینکا گروسوامی، لِز میتھیو، بانسوری سُوراج اور وکیل نینا گپتا شامل ہیں۔ کمیٹی میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی بطور رکن شامل کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں عدلیہ کو اندرونی سطح پر جنسی ہراسانی سے متعلق شکایات اور صنفی حساسیت کے فقدان جیسے مسائل کا سامنا رہا ہے۔
سال 2019 میں ایک سابقہ خاتون عدالتی افسر کی جانب سے اس وقت کے چیف جسٹس پر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات نے ملک گیر سطح پر بحث چھیڑ دی تھی۔ ان خدشات کے پیشِ نظر، عدالتی اداروں میں مؤثر داخلی نظامِ شکایات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی تھی۔ اس تناظر میں سپریم کورٹ کی جانب سے کی گئی یہ تشکیل نو نہ صرف داخلی احتساب کو مضبوط بنانے کی کوشش ہے، بلکہ یہ عدلیہ میں خواتین کی عزت، وقار اور حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مثبت پیغام بھی ہے۔