لکھیم پور تشدد پر سپریم کورٹ حرکت میں ۔آج ہوگی سماعت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
عدالت میں لکھیم پور کا معاملہ
عدالت میں لکھیم پور کا معاملہ

 

 

نئی دہلی : لکھیم پور تشدد نے سپریم کورٹ کی توجہ بھی حاصل کی ہے۔ سپریم کورٹ خود اس معاملے کو دیکھے گی۔ چیف جسٹس این وی رمنا ، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہما کوہلی کا بنچ جمعرات کو اس معاملے کی سماعت کرے گا۔ اتوار کو لکھیم پور کھیری میں ہوئے تشدد میں چار کسانوں سمیت 9 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

کسانوں کے احتجاج کے دوران تشدد کے بعد متاثرین کے لیے انصاف کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ یوپی حکومت نے اس معاملے میں ایف آئی آر بھی درج کی ہے۔ مرکزی وزیر اجے مشرا کے بیٹے کے خلاف ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے ، جس پر اپنی گاڑی سے ہجوم کو کچلنے کا الزام ہے۔ تاہم مرکزی وزیر نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

 دو دن پہلے کسانوں کی ایک اور درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے بڑا تبصرہ کیا۔ عدالت نے کہا تھا کہ جب اس طرح کے ناخوشگوار واقعات ہوتے ہیں تو کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہوتا۔ مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ ان کا احتجاج پرامن ہے ، لیکن جب کوئی تشدد ہوتا ہے تو کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہوتا۔ اس کے ساتھ ہی ، اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال ، جو مرکز کی طرف سے پیش ہوئے نے کہا کہ لکھیم پور کھیری جیسے واقعات کو روکنے کے لیے کسانوں کے احتجاج کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔