دہلی-این سی آر میں بڑھتی فضائی آلودگی پر سپریم کورٹ کے سخت احکامات

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2026
دہلی-این سی آر میں بڑھتی فضائی آلودگی پر سپریم کورٹ کے سخت احکامات
دہلی-این سی آر میں بڑھتی فضائی آلودگی پر سپریم کورٹ کے سخت احکامات

 



نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور متعلقہ ریاستوں کو کئی اہم ہدایات جاری کی ہیں اور مختلف نکات پر جواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے خاص طور پر کوئلہ پر مبنی صنعتوں، تعمیر و انہدام (کنسٹرکشن اور ڈیمولیشن) سے اڑنے والی گرد و غبار اور گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

عدالت نے مرکزی وزارتوں سے پوچھا ہے کہ دہلی-این سی آر سے کوئلہ پر مبنی صنعتوں کو منتقل کرنے کی تجویز پر کیا پیش رفت ہوئی ہے اور اس سلسلے میں حکومت کا کیا منصوبہ ہے۔ ساتھ ہی تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں سے اٹھنے والی دھول کو قابو میں رکھنے کے لیے تجویز کردہ اقدامات پر بھی تفصیلی جواب دینے کو کہا گیا ہے۔

عدالت نے مرکز سے اس تجویز پر بھی ردعمل طلب کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہلی سے 300 کلومیٹر کے دائرے میں کوئی نیا کوئلہ پر مبنی تھرمل پاور پلانٹ قائم نہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے اتر پردیش، ہریانہ اور راجستھان کی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ این سی آر میں چل رہی کوئلہ پر مبنی صنعتوں کو عوامی نوٹس جاری کریں اور آلودگی کنٹرول کے معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ گاڑیوں سے پھیلنے والی آلودگی کے معاملے پر بھی عدالت نے سخت رویہ اختیار کیا ہے۔ اس سے متعلق مقدمات کی اگلی سماعت 12 مارچ کو مقرر کی گئی ہے، جس میں متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔